ہائیکورٹ : غداری کے مقدمہ میں کیپٹن (ر) صفدر کی 10اکتوبر تک حفاظتی ضمانت منظور
لاہور (وقائع نگار خصوصی) ہائیکورٹ نے نواز شریف کے داماد کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کے خلاف غداری کے مقدمے میں حفاظتی ضمانت دس اکتوبر تک منظور کرلی۔ جسٹس اسجد جاوید گھرال نے کیپٹن ریٹائرڈ محمد صفدر کی دائر حفاظتی ضمانت کی درخواست پر سماعت کی۔ عدالت نے کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کو شامل تفتیش ہونے کا حکم دیتے ہوئے آئندہ سماعت پر پولیس سے مقدمہ کا ریکارڈ طلب کر لیا۔ کیپٹن ریٹائرڈ صفدر نے موقف اختیار کیا ہے کہ میرے خلاف مقدمہ سیاسی انتقامی کارروائی ہے، شامل تفتیش ہونا چاہتا ہوں لہذا عدالت سے استدعا ہے کہ عدالت حفاظتی ضمانت منظور کرے۔ یاد رہے کہ کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کے خلاف گوجرانوالہ پولیس نے ریاست مخالف سرگرمیوں پر لوگوں کو اکسانے کے الزام میں غداری کا مقدمہ درج کر رکھا ہے۔