• news

شیخوپورہ: والدین کا اکلوتا بیٹا  پولیو کے قطرے پینے سے چل بسا 

شیخوپورہ (نمائندہ خصوصی) سرحدی گاؤں کچلی نارنگ منڈی میں انسداد پولیو کے قطرے پینے سے17 ماہ کا شیر خوار بچہ حمزہ دم توڑ گیا۔ وہ اپنے والدین کا اکلوتا بیٹا تھا۔ اس کا والد غلام مرتضیٰ علاقہ میں محنت مزدوری کر کے خاندان کی کفالت کرتا ہے۔ حمزہ علی کی موت کے بارے میں ڈی ایچ او ڈاکٹر آصف اقبال اور ڈپٹی ڈی ایچ او تحصیل مریدکے ڈاکٹر فہد محمود نے رپورٹ مرتب کر کے ڈی جی ہیلتھ اور سی ای او ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی کو بھیج دی ہے۔ غلام مرتضیٰ کے ہاں پہلے بھی پیدا ہونے والے دو بچے چند ماہ زندہ رہنے کے بعد فوت ہوگئے تھے۔ گاؤں کچلی ورکاں یونین کونسل کرتو ٹاؤن کمیٹی نارنگ منڈی میں  حمزہ علی کو  قطرے پلائے گئے چند منٹ بعد اس کی حالت تشویش ناک ہوگئی۔ بچے کو پہلے سول ہسپتال نارنگ منڈی اور پھر ڈی ایچ کیو ہسپتال شیخوپورہ منتقل کیا  گیا جہاں پر اسے سٹیرائیڈ انجکشن سمیت فرسٹ ایڈ دی گئی مگر اس کی حالت بہتر نہ ہونے پر اس کو میو ہسپتال لاہور بھیج دیا گیا جہاں اس کا سانس کا نظام مزید بگڑ گیا اور وہ چند لمحوں کے بعد دم توڑ گیا۔ ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر محمد آصف اقبال نے بتایا ہے کہ اس بارے میں تحقیقات کے لیے ایک ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن