ہتے کشمیریوں کے محاصرہ کو 14 ماہ مکمل: پلوامہ میں حملہ، 2 بھارتی فوجی ہلاک، 5 زخمی
سرینگر/ مظفر آباد (نوائے وقت رپورٹ+ این این آئی) حریت پسندوں نے مقبوضہ کشمیر میں کارروائیاں کی ہیں۔ پلوامہ میں حریت پسندوں کی کارروائی میں دو بھارتی فوجی ہلاک جبکہ پانچ زخمی ہو گئے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق کشمیریوں کے غیر انسانی محاصرے کو 14 ماہ مکمل ہو گئے۔ چودہ ماہ کے محاصرے میں 253 کشمیری شہید ہو گئے ۔شہید ہونے والوں میں نو خواتین بھی شامل ہیں۔ بھارتی مظالم سے ایک ہزار 498 کشمیری زخمی ہو ئے جبکہ 14 ہزار سے زائد کشمیری گرفتار اور 89 خواتین کی عصمت دری کی گئی۔ بھارتی فوجیوں نے ضلع بارہمولہ کے علاقے سوپور میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائی شروع کردی۔ دریں اثناء کل جماعتی حریت کانفرنس نے کہا ہے کہ بھارتی جیلوں میں قید سینکڑوں کشمیریوں کی حالت زار اڈولف ہٹلر کی زیر قیادت چلنے والے نازی کیمپوں کے متاثرین جیسی ہے۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں کہا کہ کشمیریوںکو من گھڑت مقدمات میں ملوث کر کے گرفتار کیا جاتا ہے اور بعد میں انہیں حراست کے دوران وحشیانہ تشدد کا نشانہ بنایا جاتا ہے۔ جنیوا میں اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کے 45 ویں اجلاس کے موقع پر ورچوئل کانفرنس کے مقررین نے حق خود ارادیت کو زندہ رہنے کے حق کی طرح بنیادی حق قراردیتے ہوئے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق تنازعہ کشمیر کے حل پر زور دیا ہے ۔ پروفیسر الفریڈ ڈی زیاس نے کشمیر کے تنازعہ کا ذکر کرتے ہوئے یاد دلایا کہ اس دیرینہ تنازعے کے بارے میں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل متعدد قراردادیں منظور کر چکی ہے جبکہ حال ہی میں اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے ہائی کمشنر دفتر کے علاوہ متعدد خصوصی نمائندوں نے مقبوضہ علاقے میں انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں اورکشمیریوں کے حق خودارادیت کے بارے میں رپورٹیں جاری کی ہیں۔