پارک لین، ٹھٹھہ واٹر سپلائی ضمنی ریفرنس میں زرداری پر فرد جرم عائد
اسلام آباد (نامہ نگار) اسلام آباد کی احتساب عدالت میں سابق صدر آصف زرداری پر پارک لین اور ٹھٹھہ واٹر سپلائی ضمنی ریفرنسز میں فرد جرم عائد کردی گئی۔ سابق صدر نے صحت جرم سے انکار کردیا ہے۔ پارک لین ضمنی ریفرنس میں 19 ٹھٹھہ واٹر سپلائی ریفرنس میں 15ملزموں پر فرد جرم عائد کی گئی۔ سابق صدر ذاتی حیثیت میں پیش ہوئے۔ عدالت نے پارک لین ضمنی ریفرنس میں انہیں چارج شیٹ دی۔ ملزموں کی حاضری لگا ئی گئی۔ جبکہ گزشتہ سماعت پر غیر حاضر ہونے والا ملزم شیر علی بھی عدالت میں پیش ہوا۔ عدالت نے گزشتہ سماعت پر عدم حاضری پر وارنٹ گرفتاری جاری کیے تھے۔ جج احتساب عدالت نے کارروائی کا آغاز کرتے ہوئے کہا کہ تمام ملزم موجود ہیں اس لیے فرد جرم عائد کرنے کی کارروائی کرتے ہیں۔ پارک لین ضمنی ریفرنس کے دیگر ملزموں کو بھی فرد جرم کی نقول فراہم کی گئیں۔ عدالت نے پارک لین ضمنی ریفرنس میں نیب کو 20اکتوبر کو، ٹھٹھہ واٹر سپلائی ریفرنس میں 21اکتوبر کو گواہ پیش کرنے کا حکم دیا۔ زرداری نے احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ جب ہم اپوزیشن میں ہوتے ہیں تو اس طرح کے مقدمات بنتے رہتے ہیں، یہ مقدمات ہم نے دیکھے ہوئے ہیں۔ اس موقع پر صحافی نے سابق صدر سے سوال کیا کہ خواجہ آصف نے آپ کے خلاف بیان دیا اس پر آپ کیا کہیں گے؟۔ زرداری نے کہا کہ خواجہ آصف نے کسی کے کہنے پر بیان دیا ہوگا، مقصد اپوزیشن کو تقسیم کرنا تھا۔ اب ٹی وی پر کسی کی تقریر روکنا کسی کے بس کی بات نہیں۔ موبائل کی صورت میں لوگوں کے ہاتھوں میں اب ٹی وی ہے۔ وفاقی حکومت کیلئے کتنا وقت دیکھ رہے ہیں؟۔ سے متعلق پوچھے گئے سوال پر سابق صدر نے کہاکہ ابھی تو ہم نے بسم اللہ کی ہے۔