• news

آئین کی بات کرنا بغاوت ہے تو روز ہو گی، حکومت گرانے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے: مسلم لیگ ن

اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں کے خلاف مجرمانہ سازش کا مقدمہ درج کیے جانے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ آئین کی بات کرنا، عوامی مسائل کو اجاگر کرنا بغاوت ہے تو ہر روز بغاوت ہوگی۔ اسلام آباد میں پارٹی رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ لاہور کے تھانہ شاہدرہ میںایک شہری بدر رشید نے ملک کے سابق وزرائے اعظم، سابق وفاقی وزراء اور سابق گورنر کے خلاف غداری کا مقدمہ درج کرایا۔ اگر وفاقی وزراء میں ہمت ہے تو بدر رشید کا سہارا نہ لیں، خود سامنے آئیں، وزیر داخلہ اپنے نام سے مقدمہ درج کرائے۔ مسلم لیگ (ن)  ان مقدمات کا سامنا کرے گی۔ اگر اپنے حق کے لیے بات کرنا بغاوت ہے تو ہر روز یہ بغاوت ہو گی۔ اگر حکومت کو گھر بھیجنے کی بات کرنا غداری ہے تو ہر روز یہ بغاوت ہو گی۔ اگر سی پیک کی بندش کی بات کرنا بغاوت ہے تو ہر روز بغاوت ہو گی۔ اگر ملک کے خلاف سازش کو بے نقاب کرنا بغاوت ہے تو ہر روز بغاوت ہو گی۔ اگر کشمیر کے سودے پر بات کرنا بغاوت ہے تو ہر روز بغاوت ہو گی۔ مسلم لیگ (ن) کے نائب صدر کا کہنا تھا کہ حکومت کارکردگی سے بات کرتی ہے، گالیوں سے بات نہیں کرتی، وفاقی ورزاء سے کہتا ہوں کہ سیاسی میدان میں مقابلہ کرنا ہے تو آؤ، ہمت ہے تو ہتھکڑی لگاؤ، مقدمہ عوام کے سامنے چلاؤ، مسلم لیگ (ن)  حاضر ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ آج حکومت کو اپنی کارکردگی دکھانے کا وقت تھا، لیکن کیا کسی وزیر نے آٹے، چینی، مہنگائی، کرپشن، بے روزگاری کی بات کی۔ شاید سارے عوامی مسائل ختم ہو گئے۔ اس لیے وفاقی وزراء چار پانچ روز سے پریس کانفرنسیں کر رہے ہیں۔ شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ جب کسی کے خلاف بات کرنے کے لیے کچھ نہ رہ جائے تو کہا جاتا ہے یہ بغاوت کر رہا ہے۔ ابھی اپوزیشن کا احتجاج شروع نہیں ہوا اور بغاوت کا پرچہ درج ہو گیا۔ آپ آج سیاست میں غداری لے آئے ہیں، آج معاملہ شروع ہی نہیں ہوا اور حکومت نے آخری حربہ استعمال کر لیا۔ پی ڈی ایم پاکستان میں کرپشن، مہنگائی اور بدحالی کو روکے گی اور پاکستان کو ترقی دے گی۔ مسلم لیگ (ن)  کے سیکرٹری جنرل احسن اقبال نے کہا کہ آج ہر وہ پاکستانی جو امن اور سکون کی زندگی گزار رہا ہے، وہ جانتا ہے کہ پاکستان بنانے والے کون ہیں، وہ لوگ جنہوں نے پاکستان کو تعمیر کیا، جنہوں نے اس ملک میں بجلی کا بحران ختم کیا، جنہوں نے سی پیک جیسا منصوبہ لگایا، جنہوں نے چپے چپے پر شاہراہیں اور موٹر ویز بنائیں، جنہوں نے پاکستان کو ترقی کی شاہراہ پر ڈالا۔ دوسری جانب جنہوں نے معیشت کو 5 اعشاریہ 8 فیصد سے منفی گروتھ ریٹ میں لاکر پھینک دیا اور سی پیک جیسے منصوبے کو واپس پیچھے لے گئے، یہ ہیں محب الوطن؟، یہ کھیل اب نہیں چلے گا۔ ہر وہ شخص جو پاکستان کے آئین سے رو گردانی کرے گا ہم اس کے خلاف جنگ کریں گے۔ علاوہ ازیں شاہد خاقان عباسی نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر عمران خان اپنے آپ کو محب وطن سمجھتے ہیں تو میاں محمد نواز شریف اس سے ایک ہزار گنا زیادہ محب وطن ہیں۔ ہم سنتے آئے ہیں نواز شریف کی سیاست ختم ہوگئی، نواز شریف ختم ہو گیا، نواز شریف وہیں ہیں اور یہ کہنے والے ختم ہو گئے۔ مسلم لیگ (ن) کا جو آج بیانیہ ہے اگر ہم یہ 30سال پہلے کرتے تو ملک بے پناہ ترقی کر چکا ہوتا۔ سارے کیس جھوٹے ہیں، ایک کیس میں بھی کوئی حقیقت نہیں۔ میں پورے وثوق سے کہہ سکتا ہوں بلکہ قرآن اٹھا کر کہہ سکتاہوں کہ نواز شریف نے ایک روپے کی کرپشن نہیں کی، جب سے ہماری حکومت گئی، سی پیک کا ایک نیا منصوبہ شروع نہیں کیا گیا، آج اپوزیشن کا اتحاد صرف ایک مقصد کے لئے ہے کہ پاکستان کی مشکلات کو دور کریں اور جو نظام کی خرابیاں ہیں اس کو دور کریں اور عوام کو ریلیف دیں۔ دریں اثناء مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے ایک بیان میں نوازشریف اور دیگر کے خلاف غداری کے مقدمے کے اندراج کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم کا ایک ہی نعرہ ہے، گرتی ہوئی دیوار کو ایک دھکا اور دو، فسطائی نظام کو ایک دھکا اور دو۔ مقدمہ عمران صاحب کی بوکھلاہٹ کا ثبوت ہے۔ غداری کے پرچے پی ڈی ایم کی ملک میں جمہوریت کی بحالی کی تحریک نہیں روک سکتے، غداری کا نیا بیانیہ ثبوت ہے کہ جعلی حکمرانوں کے جھوٹے احتساب کا بیانیہ فیل ہوگیا ہے۔ دریںاثناء مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور سابق گورنر سندھ محمد زبیر نے حکومت کو ایسے ہتھکنڈے چھوڑ کر سیاست کرنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم نوازشریف کی آل پارٹیز کانفرنس میں تقریرکے بعد حکومت سیاست کی بجائے ذاتیات پر اتر آئی ہے اور غداری کے سرٹیفکیٹ بانٹے جارہے ہیں۔ مسلم لیگ(ن) نے سابق گورنر سندھ محمد زبیر کو پارٹی کے قائد نوازشریف اور نائب مریم نواز کا ترجمان مقرر کردیا ہے۔ بحیثیت ترجمان پہلی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے محمد زبیر نے کہا کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے پلیٹ فارم سے بھرپور جدوجہد ہوگی۔ حکومت گرانے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ نوازشریف کی تقریر ختم بھی نہیں ہوئی تھی کہ ہلچل مچ چکی تھی۔ خوف سے ان کی ٹانگیں کانپ رہی ہیں اور ہمارا آدھا کام ہوچکا ہے۔ روز حکومت کی جانب سے تین سے چار پریس کانفرنس ہوتی ہیں۔ 20-15 سال پہلے پاکستان میں ایک ماحول آیا، غداری کا سرٹیفکیٹ نہیں بانٹا جاتا تھا۔ ہم نے چالیس پچاس سال تجربہ کیا جس میں غفار خان‘ جی ایم سید‘ فاطمہ جناح سمیت پتا نہیں کس کس کو غداری کے سرٹیفکیٹ دیئے گئے۔ فاطمہ جناح جو قائداعظم کی بہن تھیں ان کو بھی غدار کہا گیا تھا‘ جب فاطمہ جناح کو نہیں بخشا تو ہمیں بھی نہیں بخشیں گے۔ نوازشریف کو تین بھارتیوں کی ضرورت نہیں‘ نوازشریف کے ساتھ 22کروڑ پاکستانی ہیں۔ ملک کی خدمت کرنے والوں کو غدار کہا جا رہا ہے، حکومت نے الزامات واپس نہیں لیے تو قانونی راستہ اختیار کریں گے۔ کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سابق وزیر اعظم نوازشریف کے ترجمان محمد زبیر نے کہا کہ ہر دن وزرا دو دو تین تین پریس کانفرنس کر رہے ہیں۔ سیاست کرنی ہے تو سیاست کے میدان میں کریں۔ انہوں نے کہا کہ مریم نواز کا 16 اکتوبر کو گوجرانوالہ میں جلسہ حکومت کیخلاف ریفرنڈم ہوگا۔ گوجرانوالا مسلم لیگ (ن)  کا گڑھ ہے، وہاں حکومت کے خلاف ریفرنڈم ہوگا۔ محمد زبیر کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کے ترجمانوں نے دعویٰ کیا دس گیارہ بھارتیوں نے مریم نواز سے ملاقات کی۔ تو میرا سوال ہے کہ ان بھارتیوں کو ویزا کس نے دیا، شہباز گل کو کس نے بتایا؟ بتائیں یہ کون بھارتی ہیں، انہیں کلیئرنس کس نے دی؟۔ ترجمان یہ ساری باتیں عمران خان کے کہنے پر کررہے ہیں۔ طلال چودھری ہسپتال میں تھے‘ ان پر بھی مقدمہ کردیا گیا۔مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صدر و سابق صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اﷲ خاں نے کہا ہے کہ نواز شریف کے سپاہی اپنے قائد کے ساتھ پوری قوت کے ساتھ کھڑے ہیں اور کھڑے رہیں گے۔ مسلم لیگ (ن) آج بھی عوام کی مقبول ترین سیاسی جماعت ہے۔ یہ بات انہوں نے پاکستان مسلم لیگ یوتھ ونگ کی ضلعی تنظیم کے عہدیداروں میں نوٹیفکیشن تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم کے پلیٹ فارم سے حکومت گرانے کے لئے ہر جمہوری راستہ استعمال کیا جائے گا۔ احتجاجی جلوسوں اور ریلیوں سے حکمرانوں کو اکھاڑ پھینکیں گے۔ موجودہ حکومت کا خاتمہ کئے بغیر ملک آگے نہیں بڑھ سکتا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن