پنجاب روزگار سکیم عوام کو خودکفیل بنانے کی جانب اہم پیشرفت ہے: فیاض چوہان
لاہور (نیوز رپورٹر) وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے پنجاب روزگار سکیم کے حوالے سے اپنے بیان میں کہا ہے کہ وزیر اعلٰی پنجاب سردار عثمان بزدار کی جانب سے پاکستان تحریک انصاف کے فلیگ شپ پراجیکٹ پنجاب روزگار سکیم کا آغاز وزیراعظم عمران خان کی جانب سے بے روزگار عوام کو معاشی طور پر خود کفیل بنانے کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ ادوار میں ترقیاتی سکیمیں ذاتی پسند نا پسند کی بنیاد پر شروع کی جاتی رہیں۔ فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ نام نہاد خادم اعلٰی نے پڑھے لکھے نوجوانوں کو رکشہ اور ٹیکسیاں دے کر انکے ہنر کو ضائع کیا۔ بڑے منصوبوں پر قومی خزانے کو پانی کی طرح بہا کر ذاتی تشہیر شریف خاندان کا وطیرہ رہا ہے۔ پنجاب روزگار سکیم میں چھوٹی و درمیانے درجے کی صنعتوں اور سپیشل افراد کے لیے خصوصی سہولیات رکھی گئی ہیں۔ 30 ارب روپے کے پروگرام سے 16 لاکھ خاندانوں کیلئے روزگار کے مواقع پیدا ہونگے۔