ایک لاکھ میٹرک ٹن گندم 16ہزار 957روپے میٹرک ٹن کم قیمت پر فراہم کرنے کا انکشاف
اسلام آباد (چوہدری شاہد اجمل) وزارت نیشنل فوڈ سکیورٹی اینڈ ریسرچ کے ماتحت ادارے پاسکو کی جانب سے برآمد کنندگان کو ایک لاکھ میٹرک ٹن گندم سے16ہزار 957روپے فی میٹرک ٹن کم قیمت پر فراہم کر نے کا انکشاف ہوا ہے۔ گندم کی قیمت 39ہزار 79روپے فی میٹرک ٹن تھی جو برآمد کنندگان کو 22ہزار 122روپے فی ٹن فراہم کی گئی۔ ایکسپورٹرز کو ایک لاکھ میٹرک ٹن سستی گندم فروخت کرکے قومی خزانے کو ایک ارب ستر کروڑ روپے کے نقصان پہنچایا ہے۔ ایکسپورٹرز کو تقریبا آدھی قیمت پر گندم فروخت کردی گئی۔ آڈیٹر جنرل نے بے ضابطگی کی نشاندہی کرتے ہوئے معاملے کی تحقیقات اور ذمہ داران کا تعین کرنے کی سفارش کر دی۔ ایکسپورٹرز کو سستی گندم کی فروخت کر کے اب مہنگے داموں گندم کی درآمد کی جا رہی ہے۔ آڈیٹر جنرل کی آڈٹ رپورٹ دو ہزار انیس بیس کے مطابق پاسکو نے مختلف ایکسپورٹرز کے ساتھ گندم کی فروخت کا معاہدہ کیا اور ایک لاکھ 661 میٹرک ٹن گندم سستی بیچ دی۔ جس سے ایک ارب ستر کروڑ روپے کا نقصان ہوا۔