چین کے داخلی معاملات میں مداخلت نہ کی جائے جابرانہ پالیسیوں سے شدت پسندی بڑھتی ہے:منیر اکرم
نیویارک (نوائے وقت رپورٹ/ آن لائن) پاکستان نے یو این میں ہانگ کانگ پر چینی مؤقف کی حمایت کی ہے۔ پاکستان کے اقوام متحدہ میں مستقل مندوب منیر اکرم نے کہا ہے کہ ہانگ کانگ چین کا حصہ ہے۔ چین کے داخلی امور میں مداخلت نہ کی جائے۔ اجلاس میں پاکستان نے عالمی برادی کو یقین دہانی کروائی ہے کہ وہ دہشت گردی کی ہر قسم سے لڑنے کے لیے پر عزم ہے۔ کیوں کہ وہ اس بات پر یقین رکھتا ہے کہ ایک منتخب نقطہ نظر کام نہیں کرے گا۔’عالمی دہشت گردی کو ختم کرنے کے اقدامات‘ پر ہونے والے اقوامِ متحدہ کے اجلاس میں پاکستان کے مستقل مندوب نے مزید کہا کہ امریکا طالبان معاہدہ بھی دہشت گردی کو ختم کرنے میں مدد کرسکتا ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق پاکستان نے رواں برس فروری میں امریکا طالبان معاہدے کو حتمی بنانے کے لئے انتہائی اہم کردار ادا کیا تھا اور وہ افغان امن عمل کی حمایت کرتا ہے۔ اقوامِ متحدہ میں پاکستان نے اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے اراکین کی جانب سے سعودی عرب اور غیر جانبدار تنظیم کی جانب سے ایران کے دیئے گئے بیان سے اپنے اپ کو منسلک کیا، دونوں نے بلا امتیاز دہشت گردی کی ہر قسم کو شکست دینے کی ضرورت پر زور دیا تھا۔ منیر اکرم نے عالمی تنظیم کو بتایا کہ عالمی تعاون نے کامیابی نے بڑی دہشت گرد تنظیموں مثلاً القاعدہ اور داعش کی بنیاد کو شکست دے دی ہے۔ تاہم ان کے رفقا اور بچے ہوئے وابستہ افراد پوری دنیا میں پھیل چکے ہیں۔