آمدن سے زائد اثاثے :اسحاق ڈار کے خلاف ریفرنس کی سماعت4نومبر تک ملتوی
اسلام آباد (نامہ نگار)اسلام آبادکی احتساب عدالت نے سابق وزیرِ خزانہ اسحاق ڈار کے خلاف آمدن سے زائد اثاثوں کے ریفرنس پر سماعت 4 نومبر تک ملتوی کر دی۔ بدھ کو احتساب عدالت اسلام آباد کے جج محمد بشیر نے اسحاق ڈار کیخلاف زائد اثاثوں کے ریفرنس کی سماعت کی۔احتساب عدالت اسلام آباد کی جانب سے نیب ریفرنس کا ریکارڈ ہائی کورٹ میں ہونے کے باعث سماعت بغیر کارروائی کے ملتوی کی گئی۔قومی احتساب بیورو(نیب)کی جانب سے پراسیکیوٹر افضل قریشی اور ملزمان کے وکلا بھی عدالت میں پیش ہوئے۔احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے دورانِ سماعت ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ نے ریفرنس کا مکمل ریکارڈ طلب کیا تھا، ہائی کورٹ سے ریکارڈ واپس آنے پر ہی ریفرنس پر مزید کارروائی ہو گی۔