• news

میونسپل کارپوریشن‘ سابق تحصیل کونسل بلدیہ شیخوپورہ میں کروڑوں کی کرپشن ‘ اہم انکشافات متوقع

شیخوپورہ (نمائندہ خصوصی)  محکمہ اینٹی کرپشن اور نیب نے سابق تحصیل کونسل بلدیہ شیخوپورہ اور موجودہ میونسپل کارپوریشن میں ماضی میں ہونے والی کروڑوں روپے کی مالی بدعنوانیوں میں ملوث افسروں اور اہلکاروں کے خلاف گھیرا تنگ کر دیا ہے جس کے بعد کئی اہم انکشافات ہونے کی توقع ہے۔ بلدیہ شیخوپورہ کی حدود میں درجنوں ایسے پلازے بن چکے ہیں جن کی کروڑوں روپے کی سرکاری فیسیں سرکاری خزانے میں جمع نہیں کروائی اور کئی فیکٹریوں اور پلازوں کی تعمیر کے نقشہ جات پاس کرنے کے لیے بینک کی جعلی رسیدیں تیار کر کے سابق ٹی ایم او کی ملی بھگت سے استعمال کی گئیں۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ اس سلسلہ میں متعدد سکینڈلز کی نیب کے علاوہ محکمہ اینٹی کرپشن پنجاب کی ٹیمیں بھی تحقیقات کر رہی ہیں۔ گھیرا تنگ ہو جانے پر موجودہ میونسپل کارپوریشن کے دو اہلکاروں محمود الحسن اور شاہد محمود نے سینئر سیشن جج اینٹی کرپشن صہیب احمد رومی کی عدالت میں عبوری ضمانت کی درخواستیں دائر کی ہیں جن کو فاضل جج نے منظور کرتے ہوئے 12 اکتوبر تک دونوں اہلکاروں کو گرفتار نہ کرنے کا حکم جاری کیا ہے اور ان کے خلاف جعلسازی فراڈ سرکاری ریکارڈ میں گڑ بڑ دھوکہ دہی اور مالی کرپشن کے الزامات کے تحت درج ہونے والے مقدمہ کا ریکارڈ سرکل آفیسر محکمہ اینٹی کرپشن سے طلب کر لیا ہے۔ ادھر ڈپٹی کمشنر شیخوپورہ محمد اصغر جوئیہ نے ایک تحریری شکایت پر ہاؤسنگ کالونی بدو مرادے سٹاپ مدینہ کالونی اور محلہ جناح پارک میں نقشوں کی منظوری کے بغیر بننے والے پلازوں کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے اس بارے میں چیف آفیسر سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔ دریں اثناء نیب پنجاب نے تحصیلدار فیروز والا مرزا بابر کے خلاف سنگین نوعیت کی مالی بے ضابطگیوں اور بے قاعدگیوں کے مبینہ الزامات کی تحقیقات کرنے کی ہدایت ڈی سی شیخوپورہ کو جاری کر دی ہے یہ ہدایت لاہور روڈ کی پرائیویٹ ہاؤسنگ کالونیوں کے مکینوں کی شکایت پر جاری کی گئی ہے جس میں کہا گیا تھا کہ تحصیلدار ڈپٹی کمشنر کمشنر اور ایل ڈی اے کے افسروں کے نام پر بھاری رشوت وصول کرتا ہے کئی بار اس کے دفتر میں لڑائی جھگڑے کے واقعات اور تالہ بندی ہوچکی ہے پٹواریوں کو ساتھ لے کر ہاؤسنگ کالونیوں کے چکر لگاتا رہتا ہے اور پرائیویٹ ہاؤسنگ کالونیوں کے مالکان کو بلیک میل کرتا ہے۔ دریں اثناء تحصیلدار مرزا بابر نے ان الزامات کو بے بنیاد قرار دیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن