• news

بھارت: ہر 16ویں منٹ ایک خاتون سے زیادتی، واقعات میں 8 فیصد اضافہ 

نئی دہلی (نیٹ نیوز) بھارتی حکومت کی جانب سے  زیادتی  کیسز سے متعلق جاری کیے گئے اعداد و شمار میں انکشاف کیا گیا ہے کہ بھارت میں ہر 16 ویں منٹ میں ایک خاتون کو کہیں نہ کہیں زیادتی کا نشانہ بنایا جاتا ہے۔ جبکہ بھارت بھر میں کوئی ایک بھی ایسی ریاست نہیں جس میں خواتین محفوظ ہوں۔ اخبار ’ہندوستان ٹائمز‘ کے مطابق نیشنل کرائم ریکارڈز بیورو (این سی آر بی) کی جانب سے سپریم کورٹ کے احکامات پر جاری کیے گئے سال 2019ء  کے اعداد و شمار میں بتایا گیا ہے کہ ایک سال میں بھارت میں خواتین پر تشدد اور زیادتی  کے واقعات میں تقریبا 8 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ رپورٹ  4 گھنٹے بعد ایک خاتون اغواء کر لی جاتی ہے اور ہر دو دن بعد ایک خاتون پر تیزاب پھینکنے کا واقعہ پیش آتا ہے۔ 2019ء میں بھی دارالحکومت نئی دہلی میں خواتین پر
 تشدد اور زیادتی کے سب سے زیادہ واقعات 12ہزار 902 ریکارڈ کیے گئے۔ رپورٹ میں حیرانی کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ بھارتی ریاست مہاراشٹر کا دارالحکومت ممبئی خواتین کے استحصال، ریپ اور تشدد کے واقعات میں 6 ہزار 519 رجسٹرڈ کیسز کیساتھ دوسرے نمبر پر رہا، اگرچہ ریپ کیسز میں نئی دہلی سب سے آگے ہے۔ خواتین کے خلاف تشدد، استحصال اور بعض جرائم کے کچھ واقعات میں ممبئی سرفہرست ہے۔ سال 2019ء  میں نئی دہلی میں 1213، ریاست راجستھان کے دارالحکومت جے پور میں 517 جبکہ ممبئی میں 394 ریپ واقعات رجسٹرڈ ہوئے۔

ای پیپر-دی نیشن