قومی ٹی 20 کپ کا دوسرا مرحلہ آج سے شروع، کوچز کامیابی کیلئے پر عزم
لاہور(نمائندہ سپورٹس+سپورٹس رپورٹر) نیشنل ٹی ٹونٹی کپ کے رواں ایڈیشن کا دوسرا مرحلہ آج9 اکتوبر سے راولپنڈی کے پنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں شروع ہوگا۔ 30 ستمبر سے 6 اکتوبر تک کھیلی گئی ملتان لیگ میں ناردرن کی ٹیم نے پانچوں میچوں میں کامیابی حاصل کرکے ایونٹ میں سبقت برقرار رکھی ہوئی۔دوسرا مرحلہ 18اکتوبر تک جاری رہے گا۔ سندھ کے ہیڈ کوچ باسط علی نے اپنی ٹیم پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے اسی ٹیم کمبی نیشن کو دوسرے مرحلے میں بھی برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے تاہم پنجاب کی دونوں ٹیموں نے دوسرے مرحلے کیلئے حکمت عملی کیساتھ ساتھ سکواڈز میں بھی تبدیلی کی ہے۔ ہیڈ کوچ شاہد انورنے اعتراف کیا کہ سنٹرل پنجاب کی ٹیم ایونٹ کے پہلے مرحلے میں ا چھی کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کرسکی۔ بابراعظم کی آمد سے سکواڈ میں شامل کھلاڑیوں کے اعتماد میں اضافہ ہوگا، جس سے ٹیم کی کارکردگی میں بہترہوگی۔سندھ کے ہیڈ کوچ باسط علی کا کہنا ہے کہ ٹیم میں ٹی ٹونٹی سپیشلسٹ کھلاڑی موجود ہیں لیکن بدقسمتی سے توقعات کے مطابق کارکردگی کا مظاہرہ کرنے میں ناکام رہے۔ پوائنٹس ٹیبل پر مستحکم پوزیشن کیلئے آئندہ میچوں میں فتوحات سمیٹنا ہوں گی۔ سرفراز احمد کی زیرقیادت سندھ کی ٹیم دوسرے مرحلے میں اچھا کھیل پیش کریگی۔سدرن پنجاب کے ہیڈ کوچ عبدالرحمٰن کا کہنا ہے کہ سدرن پنجاب کیلئے ایونٹ کا آغاز توقعات کے مطابق نہیں رہا تاہم وہ پرامید ہیں کہ ایونٹ کے آئندہ میچوں میں ان کی ٹیم بہتر کھیل پیش کریگی۔ دوسرے مرحلے کیلئے ٹیم کمبی نیشن کیساتھ ساتھ حکمت عملی میں بھی تبدیلی کی ہے، انہوں نے سیکنڈ الیون کیپرفارمرز زین عباس، دلبر حسین اور محمد عمران کو فرسٹ الیون سکواڈ کیلئے طلب کرلیا ۔وہ پرامید ہیں کہ نوجوان کھلاڑی 9 اکتوبر سے شروع ہونے والے دوسرے مرحلے میں بہتر کھیل کا مظاہرہ کریں گے۔