انصاف ہیلتھ کارڈ‘ سیاسی کارکنوں کو ہراساں کرنے کیخلاف پنجاب اسمبلی میں قراردادیں جمع
لاہور (خصوصی نامہ نگار) مسلم لیگ (ن) کی رکن پنجاب اسمبلی حنا پرویز بٹ نے تحریک انصاف کا ہیلتھ کارڈ منصوبہ فراڈ نکلنے کیخلاف پنجاب اسمبلی میں قرارداد جمع کرادی۔ تحریک انصاف کا ہیلتھ کارڈ منصوبہ فراڈ نکلا ہے۔دو سال بعد بھی انصاف ہیلتھ کارڈ کے پینل میں سرکاری اور ٹیچنگ ہسپتال شامل نہیں ہو سکے۔ پی ٹی آئی حکومت نے انصاف کارڈ کی تشہیر پر اربوں روپے خرچ کردیے ہیں۔ لیکن عام آدمی کو ہیلتھ کارڈ کی سہولت سے ایک دھیلے کا بھی فائدہ نہیں ہو سکا۔ جبکہ ایف آئی اے، پولیس اور حکومت کی جانب سے سیاسی کارکنوں کو ہراساں کرنے کیخلاف بھی پنجاب اسمبلی میں قرارداد مسلم لیگ(ن) کی رکن سمیرا کومل کی جانب سے جمع کرائی گئی، حکومت بوکھلاہٹ کے عالم میں سیاسی کارکنوں کو ہراساں کررہی ہے۔ مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں کو ایف آئی اے کی جانب سے بار بار طلبی کے نوٹس جاری کیے جارہے ہیں۔ حکومت اظہار رائے پر قدغن لگانے کیلئے ایف آئی اے کو استعمال کررہے ہیں۔ یہ ایوان حکومت سے مطالبہ کرتا ہے کہ سیاسی کارکنوں کو ہراساں کرنے کا سلسلہ بند کیا جائے۔