• news

منافع ادائیگی میں تاخیر، وفاقی محتسب کا ڈاک خانے کمپیوٹرائزڈ کرنے کا حکم

اسلا م آباد (وقائع نگار خصوصی) وفاقی محتسب سید طا ہر شہباز نے محکمہ ڈاکخانہ کی طرف سے سیو نگ سرٹیفکیٹس پر منا فع کی تاخیر کے حوالے سے بزرگ شہر یوں اور بیوائوں کی مشکلات پر نوٹس لیتے ہوئے محکمہ ڈاکخانہ جات کو ہدا یت کی ہے کہ فروری 2021ء تک پاکستان کے تمام ڈاکخانہ جات کو کمپیوٹرائزڈ کر دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکخانوں سے جاری کردہ عام اور خصوصی سرٹیفکیٹس اکائونٹس، بنکو ں کے معیار کے مطابق ترتیب دئیے جا ئیں۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کی طرف سے ڈاکخانہ جات کے تحت اکائونٹس پر منافع ادا کرنے کے سلسلے میں بہت زیادہ شکایات موصول ہوتی ہیں۔ لہذا انہوں نے سیکرٹری مواصلات اور ڈائریکٹر جنرل ڈاکخانہ جات کو حکم دیا کہ ان ڈاکخانوں کی طرف سے جاری کئے گئے سرٹیفکیٹس پر منافع کی ادائیگی کو بروقت ممکن بنایا جائے اور ساتھ ہی ساتھ اس نظام کو کمپیوٹرائزڈ بھی کیا جائے۔ سیکرٹر ی مواصلات ظفر احسن نے بتایا کی ڈاکخانہ جات کے تحت عام اور خصوصی سیونگز اکائونٹس دستی طور پر مرتب کیے جاتے ہیں جو کہ 2.3  ملین سے زائد ہیں۔ لہذا ان کی کمپیوٹرائزیشن، ایک بہت بڑا عمل ہو گا۔ اگلے سال کا وقت دیا جائے۔ سیکرٹری مواصلات نے یہ بھی بتایا کہ یہ  پاکستان میں 3200  ڈاکخانہ جات ہیں جن میں 85  ڈاکخانہ جات اول درجے کے بڑ ے شہروں میں ہیں۔ جب کہ ان 85 ڈاکخانہ جات میں سے 35 کو کمپیوٹرائزڈ کر دیا گیا ہے۔ دیگر  کو مرحلہ وار کمپیوٹرائزڈ کیا جا رہا ہے۔ وفاقی محتسب نے متعلقہ کمیٹیوں کی ماہانہ کارکردگی رپورٹ بھی وفاقی محتسب سیکرٹریٹ کو جمع کرا نے کا حکم دیا ہے۔ 

ای پیپر-دی نیشن