گوجرانوالہ جلسے پر پولیس کا دباؤ، مسلم لیگ ن کے ارکان اسمبلی عدالت پہنچ گئے
گوجرانوالہ (نمائندہ خصوصی) مسلم لیگ ن کے ایم این ایز، ایم پی ایز، سابق ارکان اسمبلی اور سابق میئر کی ہراساں کرنے دباؤ ڈالنے کی درخواست پر ایڈیشنل سیشن جج نے پٹیشن سماعت کے لئے منظور کرتے ہوئے سی پی او سمیت دیگر پولیس افسران کو 13اکتوبر کے لئے نوٹس جاری کر دیئے۔ ایم این ایزخرم دستگیر، بیرسٹر عثمان ابرا ہیم، ایم پی ایز حاجی عبدالرئوف مغل، توفیق احمد بٹ، نواز چوہان، وقار احمد چیمہ، سابق ایم ین اے شازیہ سہیل میر، سابق ایم پی اے پیر غلام فرید، سابق میئر شیخ ثروت اکرام، معظم رئوف، شاہد عثمان اور کلیم بھٹی نے پرویز شاکر اور چوہدری گلفام ریاض گجر ایڈووکیٹس کی وساطت سے ایڈیشنل سیشن جج ارشد محمود کی عدالت میں دائر کی گئی پٹیشن میں موقف اختیار کیا۔16 اکتوبر کو گوجرانوالہ میں پاکستان ڈیموکرٹیک موومنٹ کے جھنڈے تلے بڑا جلسہ ہونے جا رہا ہے جسے ناکام کرنے کے لئے اعلیٰ سطحی دبائو پر تھانہ سیٹلائٹ ٹائون میں لیگی رہنما کیپٹن(ر) محمد صفدر اور ایم پی اے عمران خالد بٹ کے خلاف سنگین دفعات کے تحت جھوٹا مقدمہ درج کروایا گیا۔ ایس ایچ او اور سب انسپکٹر تھانہ سیٹلائٹ ٹائون انہیں انکوائری کے لئے طلب کرکے ہراساں کرتے ہیں۔ ان پر 16 اکتوبر کے جلسہ میں شرکت نہ کرنے کیلئے دبائو ڈالا جا رہا ہے اور انکی تزلیل کی جا رہی ہے۔ عدالت صورتحال کا نوٹس لے اور پولیس افسران کو انہیں حراساں کرنے سے روکنے کا حکم دے۔ عدالت نے گلفام ریاض گجر ایڈووکیٹ کے دلائل سن کر پٹیشن سماعت کے لئے منظور کر لی اور پولیس کو 13 اکتوبر کے لئے نوٹس جاری کرنے کا حکم دیا ہے۔