یو اے ای کیساتھ اقتصاد تجارتی تعاون کے فروغ پر اتفاق مشکل گھڑی میں ساتھ دیا: شاہ محمود
اسلام آباد (وقائع نگارخصوصی+ نیٹ نیوز) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے متحدہ عرب امارات کے وزیر خارجہ عبداللہ بن زاید النہیان کے ساتھ ٹیلیفونک رابطہ کیا جس میں دونوں وزرائے خارجہ کے مابین دو طرفہ تعلقات، خطے کی مجموعی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اقتصادی و تجارتی شعبوں میںدو طرفعہ تعاون کے فروغ کی بھی اتفاق کیا۔ شاہ محمود قریشی نے کہاکہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے مابین، گہرے ، تاریخی، برادرانہ تعلقات ہیں۔ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہاکہ یو اے ای میں مقیم لاکھوں پاکستانی، گذشتہ کئی دہائیوں سے متحدہ عرب امارات کی تعمیر و ترقی میں اپنا کردار ادا کر رہے ہیں۔ کرونا سمیت ہر مشکل گھڑی میں دونوں برادر ممالک نے ایک دوسرے کا بھرپور ساتھ دیا۔ وزیر خارجہ نے کرونا عالمی وبائی چیلنج کے دوران، یو اے ای میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کا خصوصی خیال رکھنے پر اماراتی وزیر خارجہ کا شکریہ ادا کیا۔ خطے میں امن و استحکام اور کرونا وبا کے معاشی مضمرات سے موثر انداز سے نمٹنے کے لئے باہمی مشاورت کا سلسلہ جاری رکھنے کا عندیہ دیا۔ ادھر انڈونیشیاء کی وزیر خارجہ ریتنو مارسودی نے افغانستان میں قیام امن کیلئے پاکستان کی مفاہمتی کوششوں کی تعریف کی ہے۔ اس تعریف کا اظہار انہوں نے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے ٹیلیفون پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔