ملک بھرمیں غیر قانونی سگنل بوسٹرزکی خرید وفروخت کا دھنداعروج پر
اسلام آباد(محمد فہیم انور/نوائے وقت نیوز) مختلف دفاتر کے ساتھ ساتھ عام گھروں میں بھی لگائے گئے غیر قانونی سگنل بوسٹرز سے دیگرموبائل فون صارفین کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی کے ایکٹ میں شامل واضح ہدایت اور سخت قوانین کے باوجود ملک بھر میں موبائل فون سگنلز کی رفتار تیز کرنے کی غرض سے غیر قانونی سگنل بوسٹرز کی خرید و فروخت میں روز بروز اضافہ دیکھا جارہاہے ،مختلف دفاتر کے ساتھ ساتھ عام گھروں میں بھی لگائے گئے غیر قانونی سگنل بوسٹرز سے دیگرموبائل فون صارفین کو شدید مشکلات کا سامناہے، آئے روز سگنل منقطع ہونے ،انٹرنیٹ کی رفتار سست اور کاروبار زندگی چلانے میں دشواری جیسے مسائل کے پیش نظر صارفین نے متعلقہ اداروں سے اصلاح احوال کی اپیل کی ہے ۔دوسری جانب پی ٹی اے نے بوسٹرز کی غیرقانونی فروخت میں ملوث متعدد دکانداروں کو قانونی نوٹس بھی بھجوادیئے ہیں۔تفصیلات کے مطابق اس وقت پاکستانی موبائل فون صارفین کوکال کے دوران رابطہ کٹ جانے اور انٹرنیٹ کی رفتار انتہائی سست ہونے جیسے سنگین مسائل کا سامناہے جس کے بارے میں معلوم ہواہے کہ موبائل فون کے سگنلز کو بہتر بنانے کے لیے بعض دفاتر یا گھروں میں نجی طور پر سگنلز کی رفتار تیز کرنے والے غیر قانونی سگنل بوسٹرز نصب کر لئے جاتے ہیں جو ایک مخصوص ایریا میں وائرلیس کووریج بڑھا دیتے ہیں جو کہ موبائل نیٹ ورک کی فریکونسی بینڈز میں مداخلت کے مترادف قابل سزا جرم ہے۔بتایا گیاہے کہ غیر قانونی بوسٹرز کی تنصیب کا یہ عمل پاکستان میں موبائل فون صارفین کو بہترکووریج فراہم کرنے والے موبائل فون آپریٹرز کی ساری محنت پر پانی پھیر دیتاہے کیونکہ اس غیرقانونی عمل سے نہ صرف سروس کے معیار پر منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں بلکہ موبائل فون کے سگنلز ڈراپ ہونے یا دوران کال رابطہ کٹ جانے جیسے مسائل کا بھی سامنا ہوتاہے۔