جڑانوالہ: مبینہ پولیس مقابلہ‘ 3 ڈاکو ہلاک‘ 3 زخمی حالت میں گرفتار
جڑانوالہ (نمائندہ نوائے وقت) جڑانوالہ تھانہ صدر کی حدود میں مبینہ پولیس مقابلہ کے دوران 3 ڈاکو ہلاک 3 زخمی حالت میں گرفتار کر لئے گئے۔ اسلحہ و موٹر سائیکلیں قبضہ میں لے لی گئی۔ بتایا گیا ہے کہ تھانہ صدر کی حدود میں چک نمبر 125گ ب کے رہائشی جاوید شاہ کے گھر ڈاکوؤں نے داخل ہو کر لوٹ مار کی اور فرار ہو گئے۔ ڈکیتی واردات کی اطلاع 15 پر دی گئی جس پر دوران گشت پولیس نے فیصل آباد روڈ پر چک نمبر 119گ ب بھٹہ خشت کے قریب 3 مشکوک موٹرسائیکل سواروں کو رکنے کا اشارہ کیا تو ڈاکوؤں نے پولیس پارٹی پر سیدھی فائرنگ شروع کر دی۔ پولیس مقابلہ کی اطلاع پر ایس ایچ او تھانہ صدر ریاض الدین گجر، سب انسپکٹر محمد علی، اے ایس آئی طاہر محمود نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچ گئے۔ دوطرفہ فائرنگ کے تبادلہ میں 3 مبینہ ڈاکو ہلاک ہو گئے جبکہ ہلاک ہونے والے ڈاکوؤں کے زخمی 3 ساتھیوں کو پولیس نے حراست میں لے لیا۔ پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والے ڈاکوؤں کی شناخت ارشاد عرف شاداب سکنہ 197گ ب سمندری، علی حسن سکنہ گوجرانوالہ، جعفر عرف بھلی سکنہ چنیوٹ کے نام سے ہوئی ہے جبکہ زخمی ہونے والے ڈاکوؤں اشرف سکنہ گوجرہ، طارق سکنہ 157 گ ب ملاں پور، ریاض ولد مسکین سکنہ دالووال فیصل آباد کو ریسکیو اہلکاروں نے ابتدائی طبی امداد کے بعد ہسپتال منتقل کیا مگر مخدوش حالت کے پیش نظر فیصل آباد ریفر کر دیا گیا ہے۔