کسان اتحاد کا 20 اکتوبر کو لاہور دھرنے‘ اسلام آباد مارچ کا اعلان
لاہور (کامرس رپورٹر) پاکستان کسان اتحاد نے اپنے مطالبات کے حق میں 20 اکتوبر کو لاہور میں دھرنا دینے اور اسلام آباد کی طرف مارچ کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے شوگر آرڈیننس 2020ء کو معطل کیا جائے ورنہ کپاس کی طرح گنے کی فصل بھی کھیتوں میں پڑی رہے گی۔ پاکستان کسان اتحاد کے صدر چوہدری محمد انور کی طرف سے جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ حکومت ٹیوب ویل کے بجلی کے سابقہ ریٹ 5.35فی یونٹ کو بحال کرے۔ کسان سے گندم 1400روپے من خریدی گئی اب عوام کو آٹا 1400روپے من کے حساب سے دیا جائے، 190روپے من گنا خرید کیاگیا اس لئے اب چینی 70روپے فی کلو فراہم کی جائے۔ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ 80فیصد جعلی زرعی ادویات سے امسال کپاس کی فصل برباد ہو گئی، حکومت نے کیا کارروائی کی؟۔ کپاس کی فصل نہ ہونے سے ملک اس سال اربوں ڈالر کے نقصان میں چلا گیا ہے۔ اعلامیے میں مطالبہ کیا گیا کہ شوگر آرڈیننس2020ء گنے کے کاشت کار کو مالی طور برباد کر دے گا۔