حکمرانوں نے ملکی وقار نیلام کر دیا‘ تینوں بڑی جماعتیں سٹیٹس کو چاہتی ہیں: سراج الحق
لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ وزیر اعظم دوسال میں صرف سونامی لانے کا اپنا وعدہ پورا کرسکے ہیں۔ آج ہر طرف مہنگائی اور بے روزگاری کا سونامی ہے جس میں عوام ڈوب رہے ہیں۔ حکمرانوں نے پاکستان کے عزت و وقار کو نیلام کردیا ہے۔ ایٹمی پاکستان کا پاسپورٹ دنیا بھر میں بے توقیر ہوچکا ہے۔ جب سے حکومت آئی ہے معصوم بچوں اور بچیوں کے اغواء، بدفعلی اور قتل کے واقعات میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔ اپوزیشن کی سابقہ حکمران پارٹیاں دو سال سے حکومت کی سہولت کار بنی ہوئی ہیں۔ پیپلز پارٹی، مسلم لیگ اور پی ٹی آئی میں ایک کلب کے لوگ ہیں۔ یہ تینوں پارٹیاں ظلم و جبر اور سٹیٹس کو کا نظام مسلط رکھنا چاہتی ہیں۔ عوام اس ظالمانہ نظام سے نجات کیلئے جماعت اسلامی کا ساتھ دیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ میں سیالکوٹ کے اہم سیاسی و سماجی رہنما حافظ خاور مرزا کی اپنے سینکڑوں ساتھیوں سمیت جماعت اسلامی میں شمولیت کے موقع پر خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر پنجاب وسطی کے امیر جاوید قصوری، صوبائی سیکرٹری جنرل بلال قدرت بٹ اور سیکرٹری اطلاعات قیصر شریف بھی موجود تھے۔ سینیٹر سراج الحق نے جماعت میں شامل ہونے والوں کا خیر مقدم کرتے ہوئے انہیں جماعت اسلامی اور پاکستان کے پرچم کا تحفہ پیش کیا۔ سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ معاشی تباہی سے بچنے کا صرف ایک ہی راستہ ہے کہ سودی معیشت سے فوری تائب ہو کر اللہ اور اس کے رسولؐ کے خلاف جاری جنگ کو ختم کردیا جائے۔ سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ ورلڈ بنک کی رپورٹ ہے کہ آئندہ دو سالوں میں معیشت کی شرح نمو صفر اعشاریہ پانچ رہے گی جس کا مطلب ہے کہ ملک میں مہنگائی، بے روزگاری اورغربت مزید بڑھے گی۔ پہلے ہی مہنگائی نے عام آدمی کی کمر توڑ دی ہے۔ آٹا، چینی، گھی اور سبزیاں غریب کی پہنچ سے باہر ہوگئی ہیں۔ عام آدمی فاقوں پر مجبور ہے۔ مزدرو اور کسان کیلئے دو وقت کی روٹی کمانا مشکل ہوچکا ہے۔ سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ حکومت گرانا آسان مگر نظام تبدیل کرنا مشکل کام ہے۔ ہم چہرے نہیں نظام بدلنا چاہتے ہیں۔ ہماری لڑا ئی ظلم و جبر اور اس استحصالی نظام سے ہے ۔