پی سی بی میں اربوں کے گھپلے ‘پی ایس ایل کا مکمل آڈٹ ہونا چاہئے: اقبال محمد علی
لاہور(حافظ محمد عمران/نمائندہ سپورٹس) قومی اسمبلی اور وزرات بین الصوبائی رابطہ کی قائمہ کمیٹی ہے سینئر رکن اقبال محمد علی نے کہاہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ میں اربوں کے گھپلے ہیں، پی ایس ایل کے تیسرے، چوتھے اور پانچویں ایڈیشن کا آڈٹ بھی جلد ہونا چاہیے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ پارلیمنٹ کو جوابدہ ہے۔ احسان مانی بورڈ کا نیا آئین وفاقی کابینہ سے منظور کرواتے ہیں، ارکان قومی اسمبلی کے اتھ خط و کتابت کرتے ہیں، ضرورت پڑنے پر حکومت سے مدد لیتے ہیں لیکن جب جواب دینے کا وقت آتا ہے تو موقف بدل لیتے ہیں۔ اگر کسی کو شک ہے تو وہ آئین پاکستان کا مطالعہ کرے۔ کرکٹ بورڈ اپنے تمام اقدامات پر پارلیمنٹ کو جوابدہ ہے۔ بورڈ حکام کو قائمہ کمیٹیوں کے سامنے پیش ہو کر وضاحت دینا ہو گی۔ محکمہ جاتی ٹیموں کے خاتمے کے بعد احسان مانی اور ان کی ٹیم بہتر متبادل نظام دینے میں ناکام رہی ہے۔ ملک میں سینکڑوں کرکٹرز کو کھیل کے حق سے محروم کر دیا گیا ہے محکموں نے پاکستان کرکٹ کی بیپناہ خدمت کی صرف وزیر اعظم عمران خان کی ناپسندیدگی کی وجہ سے محکموں کی ٹیموں کو بند کر دیا گیا ہے حالانکہ وزیراعظم خود بھی ڈیپارٹمنٹ کرکٹ کا حصہ رہے ہیں۔ کلب، سٹی، سکول، کالج، یونیورسٹی اور صوبائی سطح پر کرکٹ کی سرگرمیاں مکمل طور پر بند ہیں بورڈ جمہوری نظام کے بجائے آمریت کو فروغ دے رہا ہے۔