پی او اے نے نے گلگت بلتستان کو بھی اولمپک فیملی کا حصہ بنا لیا
لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس) پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن نے گلگت بلتستان کو بھی اولمپک فیملی کا حصہ بنا لیا۔ نگران وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان میر افضل خان نے پی او اے ہاوس میں پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے صدر سید عارف حسن سے ملاقات کی۔ پی او اے سیکرٹری حاجی خالد محمود، مبین چوہدری اور پاکستان کراٹے فیڈریشن کے چیئرمین محمد جہانگیر و دیگر بھی موجود تھے۔ نگران وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان میر افضل خان نے کہا کہ یہ میرے لیے بہت بڑا اعزاز ہے ۔ گلگت بلتستان میں بہت زیادہ ٹیلنٹ موجود اور اب پی او اے کے ذریعے دنیا میں بھی اپنا نام روشن کریگا خاص طور پر ونٹر اولمپکس مقابلوں میں کھلاڑی عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرینگے۔ کوشش ہوگی کہ اس تعلق کو مزید آگے بڑھایا جائے اور گلگت بلتستان میں کھیلوں کے فروغ کیلئے ملکر کام کرینگے۔ عارف حسن اور خالد محمود کو دعوت دیتا ہوں کہ وہ گلگت بلتستان کا دورہ کریں تاکہ کھیلوں کی ترقی کیلئے مزید اقدامات کیے جا سکیں۔ ہمارے ہاں نیشنل گیمز جیسے ایونٹ کیلئے ایسا کوئی انفراسٹرکچر نہیں تاہم اب شروعات کر دی ہیں وقت بتائیگا کہ آنے والے وقت میں گلگت بلتستان میں کھیلوں کا انفراسٹرکچر بنانے کیساتھ ساتھ کھلاڑیوں کو بھی سہولیات فراہم کی جائیں گے۔ عارف حسن کا کہنا تھا گلگت بلتستان میں بہت زیادہ ٹیلنٹ موجود ہے جہاں کے کھلاڑی ورلڈ گیمز میں ملک کا نام روشن کر سکتے ہیں۔ انہیں پی او اے کی جانب سے اولمپک پن بھی لگائی گئی ہے۔