کسی حکومتی رکن نے نواز شریف پر مقدمے کی تعریف نہیں کی: اعجاز شاہ
لاہور (نامہ نگار،نوائے وقت رپورٹ ) وفاقی وزیر داخلہ اعجاز شاہ نے کہا ہے کہ حکومت کے کسی بھی فرد نے نواز شریف پر مقدمے کی تعریف نہیں یہ اچھا نہیںہوا غلط ہوا اسے ایشو بنایا جا رہا ہے کیا مہنگائی میاں صاحب کی تقریر کے بعد شروع ہوئی ہے حساب کتاب انہی سے ہوگا جو حکومت میں رہا ریسکیو 1122 اکیڈمی میں تقریب سے خطاب کرتے انہوںنے کہاکہ دعا کریں اللہ تعالیٰ بھٹکے ہوئے لوگوں کو ہدایت دے میرے خیال میں فوج اور سکیورٹی اداروں کے خلاف جلسہ اجلاس نہیں ہونا چاہئے ایک پارٹی 30 سال سے اور دوسری 35 سال سے حکومت میں ہے پی ٹی آئی کی تو یہ پہلی حکومت ہے کیا مہنگائی آج ہوئی ہے اپوزیشن مہنگائی کی وجہ سے باہر نکل رہی ہے۔ دریں اثناء پاکستان بھر سے 15مختلف ریسکیو ٹیموں نے نویں نیشنل ریسکیو چیلنج میں حصہ لیا اور نمایاںکارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے خیبر پختونخوا پشاورکی ریسکیو ٹیم نے نویں نیشنل ریسکیو چیلنج 2020کی ٹرافی اپنے نام کی جبکہ پنجاب سے ریسکیو1122گجرات اورراولپنڈی کی ٹیموں نے یکساں کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دوسری پوزیشن حاصل کی۔ نویں نیشنل ریسکیو چیلنج کی اختتامی تقریب کاانعقاد ایمرجنسی سروسز اکیڈمی لاہور میںکیا گیا جس میں وفاقی وزیر داخلہ اعجاز احمد شاہ بطور مہمان خصوصی شریک تھے۔ اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ بریگیڈئر(ر)اعجاز شاہ نے کہا کہ‘‘سب سے پہلے تمام فاتح ٹیموں اور مختلف چیلنجز کے انفرادی مقابلوں کے فاتحین کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ آخر میں مہمان خصوصی وفاقی وزیر داخلہ بریگیڈئر (ر) اعجاز شاہ سے نویں نیشنل ریسکیو چیلنج کی فاتح خیبر پختونخوا (پشاور) کی ریسکیو ٹیم نے ڈائریکٹر پلاننگ حسن داد کے ہمراہ چیمپئنز ٹرافی وصول کی۔