ڈسٹرکٹ ریگولیٹری اتھارٹی سکولوں کی فیسوں میں اضافے کا 7 روز میں جائزہ لے : ہائیکورٹ
لاہور (وقائع نگار خصوصی )لاہور ہائی کورٹ نے پرائیویٹ سکولوں کی فیسوں میں اضافے کے خلاف درخواستوں پر تحریری حکم جاری کر دیا ہے۔ فیصلے میں کہا گیا ہے کہ ڈسٹرکٹ ریگولیٹری اتھارٹی تمام سکولوں کی فیسوں میں اضافے کا علیحدہ علیحدہ جائزہ لے ، ڈسٹرکٹ ریگولیٹری اتھارٹی فیسوں میں اضافے کا جائزہ سات روز میں مکمل کرے۔ سپریم کورٹ کے فیصلے کے برعکس بڑھائی گئی فیسوں کو کالعدم قرار دے سپریم کورٹ کے وضع کردہ اصولوں کے برعکس طلبا سے وصول کی گئی اضافی فیس واپس کی جائیں۔طلبا کے والدین قانون کے مطابق بڑھائی گئی فیسوں کے واجبات سات روز میں ادا کریں ،ڈسٹرکٹ ریگولیٹری اتھارٹی کے فیصلے تک طلبا کو کلاسیں جوائن کرنے کی اجازت ہوگی جبکہ ڈسٹرکٹ ریگولیٹری اتھارٹی طلبا کی داد رسی کرنے کا پابند ہو گا اور تمام سکول انتظامیہ بارہ اکتوبر کو ڈسٹرکٹ ریگولیٹری اتھارٹی کے روبرو اپنا موقف پیش کریں۔