حکومت گرانا آسان، نظام بدلنا مشکل، چہروں کی تبدیلی نہیں چاہتے: سراج الحق
لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ حکومت گرانا آسان مگر نظام تبدیل کرنا مشکل کام ہے۔ ہم چہرے نہیں نظام بدلنا چاہتے ہیں۔ ہماری لڑا ئی ظلم و جبر اور اس استحصالی نظام سے ہے جو پون صدی سے کروڑوں عوام کو غربت مہنگائی بے رو زگاری اور بدامنی کی چکی میں پیس رہا ہے۔ لوگوںکو تعلیم صحت روزگاراور انصاف نہیں مل رہا۔ عدالتوںمیں لاکھوں مقدمات زیر التواء ہیں، پیسے کے بغیر یہاں انصاف نہیں ملتا۔ سرکاری ہسپتالوں سے غریب کو ڈسپرین کی ایک گولی نہیں مل رہی ،عدالتوں میں انصاف بکتا ہے اور جس کے پاس کروڑوں اور اربوں نہیں وہ ساری زندگی عدالتوں میں رل جاتا ہے۔ غریب ساری عمر محنت مزدوری کرنے اور اپنا خون پسینہ بہانے کے باوجود پیٹ بھر کر نہیں کھا سکتا۔ عوام کو اس نظام سے بغاوت کیلئے نکلنا اور جماعت اسلامی کا ساتھ دینا ہوگا۔ان خیالات کا اظہار انہوں کوہاٹ میں الخدمت فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام آغوش سنٹر کی افتتاحی تقریب سے خطاب میں کیا۔اس موقع پر الخدمت فاؤنڈیشن کے نائب صدر مشتاق مانگٹ، صوبائی صدر خالد وقاص،سابق رکن قومی اسمبلی شبیر احمد خان، بابری بانڈہ کوہاٹ کی ممتاز سماجی شخصیت حاجی غلام علی آفریدی بھی موجود تھے۔سینیٹر سراج الحق نے الخدمت فاؤنڈیشن خیبر پی کے کے زیر اہتمام یتیم بچوں کی کفالت کے لئے 12کروڑ روپے کی لاگت سے 13کنال رقبے پر محیط جدید سہولیات سے آراستہ آغوش الخدمت ہوم کوہاٹ کا افتتاح کیا جس میں 200 یتیم بچوں کی کفالت کے لئے معیاری سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔