• news

عمران حکومت عوام پر بوجھ بن چکی، 18 اکتوبر کا جلسہ ریفرنڈم ہوگا: بلاول

 اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ سلیکٹڈ حکومت نے صرف بیروزگاری، مہنگائی، سفارتی تنہائی اور اقتصادی بدحالی کو فروغ دیا، عام آدمی پی ٹی آئی کی عوام دشمن پالیسیوں سے مکمل طور پر اکتا چکا۔ پی ٹی آئی کو اس لئے سلیکٹ کیا گیا تاکہ وہ ملکی وقار پر سمجھوتے کر کے میرٹ کی دھجیاں اڑائے۔ 18 اکتوبر کو یوم شہدائے کارساز کے موقع پر پی ڈی ایم کا جلسہ عوامی ریفرنڈم ثابت ہوگا۔ اتوار کو پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی سربراہی میں کراچی کوآرڈینیشن کمیٹی کا اجلاس ہوا۔ بلاول ہاؤس میں ہونے والے اجلاس میں حکومت مخالف تحریک کے ضمن میں شہرقائد میں سرگرمیوں کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں کراچی کوآرڈینیشن کمیٹی کے کوآرڈینیٹر وقار مہدی موجود، سعید غنی، قادر پٹیل، لعل بخش بھٹو، نجمی عالم، ساجد جوکھیو، خالد لطیف و دیگر  شریک ہوئے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ  عمران خان کی نااہل سلیکٹڈ حکومت ملک اور عوام پر ایک بوجھ بن چکی ہے۔ اس سے پہلے کہ عوام پی ٹی آئی کو تاریخ کے کوڑے دان میں پھینک دے۔ عمران خان خود اقتدار چھوڑدیں۔ عمران خان کی حکومت زبردستی عوام پر مسلط کی گئی ہے۔ پی ٹی آئی کی عوام میں کوئی جڑیں نہیں ہیں۔ بلاول بھٹو زرداری نے  ہدایت کی کہ اہلیان کراچی کو 18 اکتوبر کے جلسہ گاہ تک پہنچنے کے حوالے سے ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے۔علاوہ ازیں بلاول بھٹو زرداری نے ممتاز عالم دین مولانا عادل خان کے قتل کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے اور کہا کہ ایک درسگاہ کے مہتمم اور علمی شخصیت کا قتل ایک بڑا سانحہ ہے۔ مولانا عادل خان کے قاتلوں نے صوبے میں امن کو پامال کرنے کی کوشش کی ہے۔ صوبائی حکومت مولانا عادل خان کے قاتلوں کو فی الفور گرفتار کر کے قرار واقعی سزا دلائے۔

ای پیپر-دی نیشن