کرونا : مزید 6 اموات، آزاد کشمیر میں بھی منی سمارٹ لاک ڈائون
اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی+ خصوصی نمائندہ + نوائے وقت رپوٹ) پاکستان میں کرونا وائرس سے کیسز میں اضافہ کے بعد سندھ، پنجاب، اسلام آباد، آزاد کشمیر میں کچھ مقامات پر دوبارہ سمارٹ لاک ڈاؤن بھی نافذ کردیا گیا ہے۔ ملک میں مجموعی کیسز کی تعداد 3 لاکھ 18 ہزار 932 ہے جس میں سے 3 لاکھ 3 ہزار 458 صحتیاب ہوئے ہیں جبکہ 6 ہزار 570 کا انتقال ہوا ہے۔ 11 اکتوبر کو مزید 389 مریضوں اور 6 اموات کی تصدیق ہوئی جبکہ 396 افراد شفایاب بھی ہوگئے۔ کیسز میں بلوچستان کے گزشتہ روز کے22 کیسز آج رپورٹ ہوئے۔ فعال کیسز 8904 ہو گئے۔ پنجاب میں کرونا وائرس کے مزید 203 مریضوں اور 5 اموات کی تصدیق ہوئی۔ مجموعی اموات کی تعداد 2 ہزار 257 تک جاپہنچی۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں مزید 86 افراد متاثر ہوئے۔ گلگت بلتستان میں 24 نئے کیسز کی تصدیق ہوئی۔ آزاد کشمیر میں کرونا وائرس کے 54 نئے مریض سامنے آئے۔ اس کے علاوہ ایک فرد کے انتقال کے بعد مجموعی اموات 78 ہوگئیں۔ 24 گھنٹوں میں 396 مریض شفایاب، مجموعی تعداد 3 لاکھ 3 ہزار 458 تک پہنچ گئی۔ رکن بلوچستان اسمبلی پارلیمانی سیکرٹری کیو ڈی اے بشری رند بھی کرونا وائرس میں مبتلا ہو گئیں۔ ٹیسٹ کروانے پر ٹیسٹ پازیٹو آ گیا۔ طبیعت خراب ہونے پر فاطمہ جناح چیسٹ ہسپتال میں داخل کیا گیا۔ اب بھی آئی سی یو میں آبزرویشن پر ہیں‘ طبی حالت اطمینان بخش ہے۔ وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے کہا ہے کہ کرونا کی دوسری لہر کے سبب کیسز میں اضافہ ہو گیا جس کے بعد کراچی، اسلام آباد، آزاد کشمیر میں منی سمارٹ لاک ڈاؤن دوبارہ نافذ کیا گیا ہے، کامیابی پہلے کی طرح عوام کے تعاون کے بغیر ناممکن ہے۔ اسد عمر کا کہنا ہے کہ 6 ہفتے تک کرونا کیسز دو فیصد مثبت رہے، گزشتہ ہفتے اس میں دو فیصد اضافہ ہوا۔ کراچی، آزاد کشمیر میں منی اسمارٹ لاک ڈاؤن دوبارہ نافذ کیا۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کے تین سیکٹرز میں سمارٹ لاک ڈاؤن لگا دیا گیا، متاثرہ علاقوں سے کورونا ٹیسٹ کیلئے نمونے حاصل کئے جا رہے ہیں۔ سیکٹر جی 11 ٹو اور جی 7 تھری کے دو اسکولز سیل کر دیئے گئے، ڈی سی اسلام آباد کے مطابق 32 ریسٹورنٹس، 47 دْکانیں اور ایک ورکشاپ کو بھی سیل کیا گیا ہے۔ سعودی عرب میں کرونا کے 323 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ ترجمان وزارت صحت کے مطابق سعودی عرب میںکرونا کیسز کی مجموعی تعداد تین لاکھ 39 ہزار 267 ہو گئی۔ 24 گھنٹوں کے دوران سعودی عرب میں کرونا سے 25 افراد انتقال کر گئے۔ کرونا سے جاں بحق افراد کی مجموعی تعداد 5043 ہو گئی ہے۔ ایران میں کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 5 لاکھ تک پہنچ گئی۔ ایران کے محکمہ صحت کے مطابق ملک میں مزید 3 ہزار 875 کیسز سامنے آئے۔ مجموعی تعداد 5 لاکھ تک پہنچ چکی ہے۔ اب تک 28 ہزار 293 افراد مہلک وائرس کی وجہ سے لقمہ اجل بن گئے ہیں۔ دریں اثنا مہلک وبا کرونا کے باعث دنیا بھر میں ہلاکتیں 1077495ہو گئیں اور مصدقہ کیسز کی تعداد 3کروڑ 74لاکھ 67ہزار 892تک پہنچ گئی۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق دنیا بھر میں کرونا وار جاری ہیں اس وقت دنیا بھر میں ہلاکتوں کی تعداد1077495 ہو گئیں اور مصدقہ کیسز3کروڑ 74لاکھ 67ہزار 892ہو گئے۔دنیا بھر کے متاثرہ ممالک میں امریکہ سب پہلے نمبر پر ہے جہاں 2لاکھ 19ہزار 282ہو گئے اور متاثرین کی تعداد79لاکھ 45ہزار 505 ہو گئی۔ بھارت کرونا سے متاثرہ ممالک میں دوسرے نمبر پر ہے جہاں ہلاکتیں 1لاکھ 8ہزار 371ہو گئیں جبکہ مصدقہ کیسز 70لاکھ 51ہزار 543 ہو گئے ۔