• news

پاکستان‘ چین سرحدی تنازعات چاہتے ہیں‘ بھارت کی ڈھٹائی: الزام مسترد‘ دفتر خارجہ

نئی دہلی‘ اسلام آباد (نیٹ نیوز + سٹاف رپورٹر) بھارتی وزیر دفاع راجناتھ سنگھ نے ڈھٹائی اور الزامات کی حد کر دی۔ کشمیر‘ لداخ‘ اروناچل پردیش‘ ہماچل پردیش‘ سکم‘ اترکھنڈ اور بھارتی پنجاب سمیت پاکستان‘ چین کیساتھ بھارت کی سرحدوں کے قریب علاقوں میں تعمیر ہونے والے 44 پلوں کے افتتاح پر ورچوئل تقریب میں کہا پاکستان‘ چین ایک مشن کے تحت بھارت کیساتھ سرحدی تنازعات کو پیدا کرنے پر کام کر رہے ہیں۔ بھارتی این ڈی ٹی وی کے مطابق ان پلوں کی تعمیر کا مقصد فوجی نقل و حمل‘ ہتھیاروں کی آمدورفت آسان بنانا ہے۔ ادھر پاکستان نے بھارتی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ کی جانب سے پاکستان اور چین پر سرحدی تنازعہ شروع کرنے کے الزامات کو  جھوٹ اور غیر زمہ دارانہ قرار دے کر  مسترد کر دیا ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ چودھری  نے بھارتی وزیر دفاع کے بیان پر اپنے ردعمل میں کہا کہ راج ناتھ سنگھ  کا بیان بی جے پی حکومت کی بے خبری کو ثابت کرتا ہے۔ یہ بھارتی حکومت کی جانب سے پاکستان کے خلاف پراپیگنڈہ کا حصہ ہے۔  پاکستان اور چین کی لازوال دوستی کے خلاف بھارتی پراپیگنڈہ قابل مذمت ہے۔ یہ افسوسناک بات ہے کہ ریاستی دہشتگردی اور بالا دستی کی سوچ رکھنے والی بھارتی حکومت دوسرے ممالک پر الزام تراشی کر رہی ہے۔ دنیا بھارتی حکومت کے امن کے خلاف اقدامات سے آگاہ ہے۔ بھارت ہی ہمسایہ ممالک کے ساتھ تنازعات پیدا کرکے ان کو پرامن طریقہ سے حل کرنے سے بھاگ رہا ہے۔دفتر خارجہ کے ترجمان نے بھارت کو خبردار کیا کہ وہ توسیع پسندانہ عزائم، ریاستی دہشت گردی سے امن واستحکام کو خطرہ میں ڈالنے سے باز رہے۔ بھارت جارحانہ رویہ ترک کرکے ہمسایوں کے ساتھ تنازعات کو پرامن طریقہ سے حل کرے۔

ای پیپر-دی نیشن