گوجرانوالہ جلسہ حکومت کے خاتمے میں سنگ میل ، بلاول خطاب کرینگے، کائرہ
گجرات، سمبڑیال ،سیالکوٹ ،نارووال (نامہ نگار، نمائندہ نوائے وقت+نمائندہ خصوصی) پاکستان پیپلز پارٹی پنجاب کے صدر سابق وفاقی وزیر چوہدری قمرزمان کائرہ کی زیرصدارت گزشتہ روزڈیرہ کائرہ پر پیپلز پارٹی گجرات کے عہدیداران کااہم مشاورتی اجلاس منعقد ہوا اجلاس میں پیپلز پارٹی ضلع گجرات کے صدر چوہدری ضیاء محی الدین ، پیپلز پارٹی پنجاب کونسل کے رکن سابق امیدوارصوبائی اسمبلی زاہد حسین سلیمی، ضلعی جنرل سیکرٹری پی پی ڈاکٹرزاہد ظہیر، تحصیل صدرچوہدری اصغرپسوال ، گجرات سٹی صدررضوان دلدارچوہدری، جنرل سیکرٹری عامرلطیف طور، سٹی جلالپورجٹاں کے صدر ڈاکٹر فرحان میرسمیت دیگرعہدیداران وجیالے شریک ہوئے۔ اجلاس میں صوبائی صدرقمرکائرہ نے پیپلز پارٹی ضلع گجرات کے عہدیداران ساتھیوں کو بتایا کہ پی ڈی ایم جلسے میں چیئرمین بلاول بھٹو زرداری شریک ہونگے اورخطاب کریں گے ۔ وہ اسلام آباد سے لالہ موسیٰ پہنچیں گے اور لالہ موسیٰ سے ریلی جلوس کی شکل میں بذریعہ جی ٹی روڈ جلسہ گاہ گوجرانوالہ جائیں گے۔ پیپلز پارٹی ضلع گجرات کے عہدیداران ضیاء محی الدین ڈاکٹرزاہد ظہیر و دیگر نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کامثالی استقبال ہوگا اورصوبائی صدرکی قیادت میں ضلع بھرسے پارٹی جیالے کے قافلے جلسے میں بھرپورشرکت کریں گے پی پی جیالوں نے پی ڈی ایم جلسے کوکامیاب بنانے کے لئے تیاریاں شروع کردیں۔ دریں اثنائسمبڑیال میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے قمرالزمان کائرہ نے کہا ہے کہ 16 اکتوبر کا جلسہ تاریخی کامیابی اورموجودہ حکومت کے خاتمے کا سنگ میل ثابت ہوگا پاکستانی عوام مسائل کی وجہ اورمہنگائی کی چکی میں پستے چلے جارہے ہیں جس کی وجہ سے عوام غصے سے بھری پڑی ہے۔ اس تحریک کا مقصد ملک میں آئین کی بالادستی اورعوام کی خوشحالی ہے موجودہ حکومت کا کرپشن کے خاتمے اوراحتساب کے نعرے کی آڑ میں سیاسی انتقام کا ایجنڈا عوام پر عیاں ہوچکا ہے۔ الیکشن میں عوام کو سبز باغ دکھا کر اور تبدیلی کا نعرہ لگا کر غلط بیانی سے ووٹ لے کر عوام سے جھوٹ بولنے والوں کے آخری ایام شروع ہوچکے ہیں۔ پریس کانفرنس سٹی صدر پیپلز پارٹی سمبڑیال چوہدری احسن ظفر گھمن کے ہمراہ بینظیر بھٹو شہید بازار دفتر میں 16اکتوبر کو گوجرانوالہ کے جلسہ میں شرکت کے حوالے سے کی۔ اس موقع پر PYO کے تحصیل صدر ذوہیب مہر ، سٹی صدر PYO عدنان سندھو، راجہ افضال، راجہ آصف، رانا بلا، ثقلین جٹ سمیت دیگر بھی موجود تھے۔