• news

حکومت نے مہنگائی کے سامنے ہتھیار ڈال دیئے‘ عوام کی سننے والا کوئی نہیں: سراج الحق 

لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ حکومتی ٹائی ٹینک مہنگائی کے سونامی میں غوطے کھا رہا ہے۔ عوام کو ریلیف دینے کے سبز باغ دکھانے والوں نے غریب کو مہنگائی کے بھنور میں پھنسا دیا ہے۔ حکومت نے مہنگائی کے سامنے ہتھیار ڈال دیے ہیں۔ عوام کی فریاد سننے والا کوئی نہیں۔ دن بدن مہنگائی کا گراف اوپر اور حکومت کا گراف نیچے جارہا ہے۔ وہ دن دور نہیں جب حکومت خود مہنگائی کے بوجھ تلے دب جائے گی۔ حکومت کو اندازہ ہی نہیں کہ عوام مہنگائی کے ہاتھوں کس قدر پریشان ہے۔ وزیراعظم مافیاز کے گھیرے کا اعتراف کرنے کے باوجود آج تک ان مافیاز کے خلاف کوئی قدم نہیں اٹھا سکے۔ آٹا، چینی، ڈرگ اور لینڈ مافیاز مہنگائی کے اصل ذمہ دار ہیں۔ جو کام حکومتی مشینری کے کرنے والے ہیں، وہ ٹائیگر فورس کو دے کر وزیراعظم خود ہی ملک میں افراتفری اور انتشار کو دعوت دے رہے ہیں۔ تیرہ فیصد عوام مہنگائی کی وجہ سے خط غربت سے نیچے چلے گئے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکز اسلامی پشاور میں علماء و فضلاء کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ آئین کا تقاضا ہے کہ قرآن و سنت کی تعلیم کو عام کیا جائے اور ایسا ماحول فراہم کیا جائے جس میں شہری آسانی کے ساتھ اپنے دین پر عمل پیرا ہوکر قرآن و حدیث کے مطابق اپنی زندگی گزار سکیں۔

ای پیپر-دی نیشن