پاکستان دہشتگردوں کی مالی معاونت روکنے کیلئے بہتری کی جانب گامزن، قوانین منظور کئے
اسلام آباد (این این آئی) منی لانڈرنگ اور دہشت گردوں کی اعانت‘ پاکستان مزید نگرانی کی فہرست میں برقرار۔ اے پی جی نے پاکستان سے متعلق اپنی 14 صفحات کی رپورٹ جاری کردی۔ ایشیا پیسیفک گروپ نے فنانشل ایکشن ٹاسک فورس کی سفارشات پر فیصلہ کیا۔ پیرس اجلاس میں پاکستان کی پہلی پیش کردہ فالو اپ رپورٹ کا جائزہ لیا گیا۔ پاکستان نے ایف اے ٹی ایف کی 40 سفارشات میں سے دو پر مکمل عملدرآمد کیا۔ پاکستان کی چار معاملات پر سفارشات پر کوئی پیش رفت نہ ہوسکی۔ پاکستان کی 25 نکات پر جزوی اور 9 سفارشات پر نمایاں پیش رفت ہوئی۔ پاکستان دہشت گردوں کی مالی معاونت روکنے کے لئے تیزی سے بہتری کی جانب گامزن اور اقدامات کررہا ہے، حال ہی میں انسداد منی لانڈرنگ اور دہشت گردوں کی مالی معاونت روکنے کیلئے قوانین پاس کئے گئے، اے پی جی کی رپورٹ کا آئندہ ہفتے ہونے والی پلانری میٹنگ سے کوئی تعلق نہیں، اے پی جی نے اپنی رپورٹ فروری تک کی گئی پراگریس کے تناظر میں بنائی ہے۔ ایف اے ٹی ایف کی پلانری کا انعقاد 19 سے 21 اکتوبر تک ہوگا۔ اس اجلاس میں پاکستان کو ایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ میں رکھنے یا نہ رکھنے کا فیصلہ ہوگا۔