• news

آمدن سے زائداثاثے ، رخسانہ بنگش کا ضمانت قبل از گرفتاری کیلئے اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع 

اسلام آباد (وقائع نگار) پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنماء و سابق صدر پاکستان آصف زرداری کی پرسنل سیکرٹر رخسانہ بنگش نے آمدن سے زائداثاثہ جات کیس میں گرفتاری سے بچنے کے لئے اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کر لیا۔ وکلاء فاروق ایچ نائیک اور اسد عباسی کے ذریعے دائر درخواست میں نیب کو فریق بناتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ماسٹرز ڈگری ہولڈر ہوں، سابق وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو کی اہلیہ نصرت بھٹو کی پرسنل سیکرٹری رہی اور خواتین کی مخصوص نشستوں پر ممبر قومی اسمبلی بھی رہی۔ 2008ء سے 2013ئتک سابق صدر پاکستان آصف علی زرداری کی پرسنل سیکرٹری کے طور پر بھی فرائض سرانجام دئیے۔ 26 اگست 2020ء کو نیب کی طرف سے نوٹس بھیجا گیا۔ جس کے ساتھ اثاثوں سے متعلق ایک فارم بھی تھا جس کا جواب جمع کرا دیا تھا۔ لیکن اسکے باوجود 14 ستمبر کو نیب کی جانب سے کال اپ نوٹس کا مقصد ساکھ کو متاثر کرنا ہے اور خدشہ ہے کہ گرفتار کر لیا جائے گا۔ استدعا ہے کہ عدالت ضمانت قبل گرفتاری منظور کرے۔ یاد رہے کہ رخسانہ بنگش کا شمار سابق صدر آصف زرداری کی قریبی ساتھیوں میں کیا جاتا ہے۔ 

ای پیپر-دی نیشن