• news

 اسٹبلشمنٹ پر حملے کئے جا رہے ہیں ،مناسب بات نہیں،صدر علوی

اسلام آباد ( سپیشل رپورٹ) صدر ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ اسٹبلشمنٹ پر حملے کئے جا رہے ہیں جو مناسب بات نہیں ہے، ہمارے سیاسی لوگ ایسے ممالک کا آلہ کار بن رہے ہیں جو پاکستان مخالف ہیں، ایک نجی ٹیلی ویژن کو انٹرویو دیتے ہوئے صدر مملکت نے کہا کہ عالمی سطح پر پاکستان کیخلاف پراپیگنڈہ کیا جا رہا ہے، حکومت اور اپوزیشن کے درمیان رابطے کا فقدان ہے۔ نجی ٹی وی کے سوال کے جواب میں صدر علوی نے کہا کہ مولانا فضل الرحمٰن نے دھرنا دیا تو اس کا کشمیر کے مسئلہ پر اثر پڑا، وہ لوگ جو ماضی میں ڈکٹیٹرز کے ساتھ تھے،و ہ آج فوج کے خلاف باتیں کر رہے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں صدر نے کہا کہ وزیراعظم کی فرسٹریشن کی ایک وجہ یہ ہے کہ  وہ کرپٹ عناصر جنھوں نے ملک کو لوٹا ہے، ان کو ان کے کئے کی سزا نہیں مل رہی اور ان سے لوٹا ہوا پیسہ نہیں نکلوایا جا رہا۔ وزیراعظم نے کہا ہے کہ ہم جلد مہنگائی پر کنٹرول پا لیں گے۔ مہنگائی عوام کے لئے پریشانی کا سبب ہے۔ انھوں نے کہا کہ زر مبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہو رہا ہے۔ صدر نے کہا کہ بھارت مختلف طریقوں سے پاکستان میں دہشتگردی پھیلا رہا ہے، وہ افغانستان کے ذریعے بھی پاکستان میں دہشتگردی کرا رہا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انھوں نے کہا کہ سارے ادارے اس امر پر متفق ہیں کہ کرپشن کو ختم کیا جانا چاہیے۔

ای پیپر-دی نیشن