• news

پاکستان آئندہ 3 سال کیلئے اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کا رکن منتخب

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) پاکستان نے ایک اور اہم سفارتی کامیابی حاصل کر لی۔ پاکستان بھاری اکثریت سے آئندہ تین سال کیلئے اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کا رکن منتخب ہو گیا اور اقوام متحدہ انسانی حقوق کونسل کے انتخابات میں ریکارڈ ووٹ حاصل کئے۔ پاکستان191 میں سے 169 ووٹ لینے میں کامیاب ہوا اور ایشیا پیسفک ریجن میں سب سے زیادہ ووٹ حاصل کئے۔ سعودی عرب انسانی حقوق کونسل کا رکن نہ بن سکا۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان کا کثیر تعداد میں ووٹ لیکر منتخب ہونا عالمی سطح پر پاکستان کی پالیسیوں پر اظہار اعتماد ہے۔ پاکستان نے ہمیشہ عالمی فورمز پر انسانی حقوق کی پاسداری کیلئے آواز بلند کی۔ انسانی حقوق کونسل اقوام متحدہ کا ایک انتہائی اہم فورم ہے۔ انسانی حقوق کونسل نے ہماری درخواست پر مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لیا۔ پاکستان وادی کشمیر سمیت دنیا بھر کے مظلوموں کے حق میں آواز اٹھاتا رہے گا۔

ای پیپر-دی نیشن