اپوزیشن مستعفی ہو تو الیکشن کمیشن ضمنی انتخابات کرا دیگا،ڈاکٹر بابر اعوان
اسلام آباد(وقائع نگار خصوصی) وزیراعظم کے مشیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر بابر اعوان نے کہا ہے کہ ایکسٹرڈیشن پر متعلقہ حکام سے رابطے جلد منظر عام پر آ جائیں گے۔ نواز شریف کی ایکسٹرڈیشن کیلئے 3مراحل میں کام ہو رہا ہے، وفاقی حکومت کی جانب سے باضابطہ ایکسٹرڈیشن کی درخواست کی گئی ہے نواز شریف کی وطن واپسی کیلئے پاکستان اور برطانیہ کے درمیان اعلیٰ سطح کے رابطے جاری ہے،اسی ماہ ہندوستان کے ایک اور ٹیکس چور کی ایکسٹرڈیشن کاعمل مکمل ہوا ہے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 8 سے 10 دن میں دو بڑی چوریاں سامنے آنے والی ہیں، قوم حیران ہو جائے گی کس قدر بڑی واردات کی گئی ہے، ایک چوری 25 ارب روپے تک کی بھی کی گئی ہے۔چور اکٹھے ہو کر شور مچا رہے ہیں کہ ٹرپل پلس این آر او دیا جائے، جلسے جلوس وہ کر رہا ہے جو ڈکیتی نما چوریوں میں ملوث ہے، اداروں کے اوپر دباؤ ڈال کر ماورائے آئین استعمال کرنا چاہتے ہیں۔ جلسوں کی فنڈنگ کرنے والا وہی ہے جس نے خلائی مخلوق کانعرہ لگایا تھا، اب بھی جلسوں کا نتیجہ کیوں نکالا والے جلسوں جیسا ہو گا، اپوزیشن استعفاٰ استعفاٰکھیل رہی ہے اور کھیلتی رہے گی۔ اپوزیشن کبھی استعفاٰ نہیں دے گی ، یہ استعفے دینا چاہیں تو دو دن بعد پارلیمنٹ کا اجلاس ہو رہا ہے، سپیکرقومی اسمبلی اور چیئرمین سینیٹ کو استعفے جمع کرائے جاسکتے ہیں۔ سینیٹ کے انتخابات ملتوی ہونے کی صرف ایک صورت ہے، واحد راستہ سندھ کی حکومت کوسندھ اسمبلی کو توڑنی پڑے گی، الیکٹورل کالج کا پورا حصہ درمیان سے غائب ہو تو اسے پورا کرنا قانونی تقاضاہوگا، اس کے علاوہ کوئی آئینی راستہ نہیں ہے کہ سینیٹ انتخابات ملتوی ہوں جب کہ پاکستان میں سینیٹ کو توڑا ہی نہیں جا سکتا، سینیٹ ارکان کی تین تین سال کی الگ الگ مدت ہے ، آئینی ادارے کا تسلسل برقرار رہتا ہے تحلیل نہیں ہو سکے گا اپوزیشن مستعفی ہوں تو الیکشن کمیشن ضمنی انتخابات کرا دے گا، ماضی میں ایک دن میں 21 ،21 انتخابات ہو چکے ہیں۔