• news

’’نواز شریف مفرور، پیشی کا آخری موقع دیا جاتا‘‘اشتہار 19اکتوبر کو شائع ہوگا

اسلام آباد (وقائع نگار+ این این آئی) اسلام آباد ہائیکورٹ کے  احکامات کے بعد ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے سابق وزیراعظم نواز شریف کے اشتہار کیلئے پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ کو لیٹر لکھ دیا۔ جس میں کہا گیا ہے کہ کریمنل اپیل نمبر1/2019 اور کریمنل اپیل نمبر121 /2018 میں طلبی کے باوجود مسلسل غیر حاضری پر فوجداری ایکٹ کی دفعہ87 کی کارروائی شروع کی گئی ہے اور اسلام آباد ہائی کورٹ نے نواز شریف کا اشتہار جاری کرنے کا حکم دیا ہے۔  اشتہار 19 اکتوبر کو انگریزی اور اردو اخبار کے لاہور اور لندن ایڈیشن میں شائع کیا جائے، دونوں اخبارات کے بیک پیج پر کالی سیاہی سے کوارٹر پیج کا اشتہار جاری کیا جائے، اشتہار کے اخراجات کی رسید فراہم کرنے پر جلد پیسے ادا کر دیئے جائیں گے، اشتہار میں لکھا جائے کہ نواز شریف عدالتی مفرور ہیں اور بذریعہ اشتہار انہیں پیشی کا آخری موقع دیا جاتا ہے، سزا یافتہ اپیل کنندہ نواز شریف عدالتی کارروائی کا سامنا کریں۔ دوسری جانب احتساب عدالت نے توشہ خانہ ریفرنس میں نواز شریف کے اثاثوں کی ضبطگی پر 29 اکتوبر تک عملدرآمد مکمل کرنے کا حکم دے دیا۔ نواز شریف کی جائیداد، کمپنیوں میں شیئرز ضبطگی اور اکائونٹس منجمد کرنے سے متعلق رپورٹ عدالت میں پیش کی گئی۔ تفتیشی افسر نے کہا کہ نوازشریف کی جائیداد اور اثاثوں کی ضبطگی پر عملدرآمد جاری ہے۔

ای پیپر-دی نیشن