• news

اپوزیشن جماعتیں کرونا کے پیش نظر اپنے جلسوں پر نظرثانی کریں : اسد عمر 

  اسلام  آباد (وقائع نگار خصوصی) وفاقی وزیر اسد عمر نے کرونا کیسز میں اضافے کے خدشے کے پیش نظر اپنی جماعت سمیت اپوزیشن جماعتوں سے جلسوں پر نظر ثانی کی اپیل کردی ہے۔ نجی ٹی وی  چینل سے  گفتگو کرتے ہوئے انہوں  نے کہا  کہ میڈیا نے کرونا کے بارے میں پیغام پھیلانے میں کردار ادا کیا۔ میں نے کرونا کیسز کا مسئلہ 10 دن پہلے ہی اٹھا دیا تھا اور اس وقت اپوزیشن کے جلسے کی تاریخ نہیں آئی تھی۔ انہوں نے کہا کہ اگست کے وسط میں کرونا سب سے کم سطح پر چلا گیا تھا اور وہیں سے ہلکا ہلکا بڑھ رہا ہے، گزشتہ ہفتے کیسز میں 16 فیصد اضافہ ہوا جب کہ ستمبر کے آخری 27 دن میں ایک دن بھی ایسا نہیں تھا جس میں 10 یا اس سے زیادہ اموات ہوئیں، اکتوبر کے پہلے 11 دن میں 4 اموات ہوئیں، اس لیے پاکستان میں کرونا بڑھتا ہوا نظر آرہا ہے۔ اسد عمر  نے کہا  دنیا میں ہر جگہ کرونا کی شدید دوسری لہر آئی ہوئی ہے، قیاس آرائیاں تھیں کہ سردیوں میں کورونا میں شاید اضافہ ہو، اب یورپ میں کرونا بڑھتا نظر  آرہا ہے جس سے ہمیں بھی اس کے بڑھنے کا خدشہ ہے۔ اپوزیشن کے جلسوں پر بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ کوئی بھی ایسی سرگرمی جس سے لوگوں کو کوئی روزگار نہ مل رہا ہو اور صحت کا مسئلہ پیدا ہورہا ہے اس سے گریز کرنا چاہیے، اگربطور این سی او سی سربراہ سوچوں تو پی ٹی آئی کے لیاقت باغ کے جلسے سمیت تمام جلسوں پر پابندی لگا دوں۔ اسد عمر نے مزید کہا کہ تمام سیاسی جماعتوں سے درخواست ہے کہ جلسوں پر نظر ثانی کریں، چاہے وہ پی ٹی آئی ہو یا کوئی اور جماعت، ہم ایسا کام نہ کریں جس سے لوگوں کی صحت کو خطرہ ہو۔

ای پیپر-دی نیشن