جزائر پر آرڈیننس واپسی تک وفاق سے بات نہیں ہوگی: سندھ کابینہ، پرسوں سے ملوں کو گندم دینے کی منظوری
کراچی (سٹاف رپورٹر) سندھ کابینہ نے تفصیلی غور و خوض کے بعد گندم کی قیمت 3687.50 روپے فی100 کلو بیگ مقرر کرنے کی منظوری دیدی۔ اس طرح ایکس مل آٹا کی قیمت میں9.13 روپے فی کلوگرام کمی ہو سکے گی۔ اجلاس منگل کے روز وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت وزیراعلی ہائوس میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں تمام صوبائی وزرا، مشیران، چیف سیکرٹری ممتاز شاہ، ایڈووکیٹ جنرل سلمان طالب الدین، چیئرمین پی اینڈ ڈی محمد وسیم اور متعلقہ سیکرٹریز نے شرکت کی۔ وزیر خوراک ہری رام کی سفارش پر فلور ملز کو16 اکتوبر سے گندم جاری کرنے کی منظوری دی گئی۔ گندم کی نئی ایشو پرائس کے ساتھ ہی آٹے کی قیمتیں9.13 روپے کم ہوجائیں گی اور آٹے کی نئی قیمت 47.87 روپے فی کلوگرام پر آجائے گی۔ وزیراعلی سندھ نے محکمہ خوراک کو ہدایت کی کہ وہ ایکس مل کی سطح پر آٹے کی قیمت میں کمی کو یقینی بنائے اور ضلعی انتظامیہ کو آگاہ کرتے رہیں۔ کابینہ کے اجلاس کے آغاز پر جزائر کا معاملہ کابینہ میں زیر بحث آیا ۔کابینہ کے اراکین نے ایک بار پھر وفاقی حکومت سے آئی لینڈ اتھارٹی کے قیام کے متنازعہ آرڈیننس کو واپس لینے کا مطالبہ کیا۔ کابینہ کے ارکان کا کہنا تھا کہ جب تک متنازعہ آرڈیننس واپس نہیں لیا جاتا ہے تب تک وفاقی حکومت سے جزائر کے معاملہ پر کوئی بات چیت نہیں کی جائے گی۔ کابینہ نے اس آرڈیننس کو مقامی ماہی گیروں کے حقوق پامال کرتے ہوئے صوبائی سرکاری اراضی پر قبضہ کرنے کی کوشش قرار دیا۔ مزید دو پاور پلانٹس سے 330میگاواٹ بجلی حاصل ہوگی۔ ایک چینی کمپنی ایس ایس آر ایل نے تھر کول فیلڈ کے بلاک1 میں 7.8 ایم ٹی پی اے کان کنی کی ترقی کے لئے مالی کلاز حاصل کرلیا ہے۔ اس سے 1320 میگاواٹ بجلی پیدا ہوگی۔ اسی طرح دیگر مقامی کمپنیاں 660 میگاواٹ بجلی پیدا کریں گی۔ تھر کول فیلڈ میں ترقیاتی صلاحیت کو مدنظر رکھتے ہوئے کابینہ نے ای سی سی کے 30 سالہ مراعاتی پیکیج کے مطابق درآمدات پر انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ سیس( آئی ڈی سی) کو 30 سال کی مدت کے لئے چھوٹ دینے کی منظوری دے دی۔ دیگر صوبوں کے ساتھ یکسانیت برقرار رکھنے کے لئے پٹرولیم آئلز کی ٹرانسپورٹیشن یا آئل ٹینکرز کے ذریعے لے جانے پر خدمات پر سندھ سیلز ٹیکس کو13 سے15 فیصد تک کردیا ہے۔ اس سے صارفین پر کوئی بوجھ نہیں پڑے گا اور نہ ہی پٹرولیم قیمتوں پر کوئی اثر پڑے گا۔ کابینہ نے آئی بی اے سکھر یونیورسٹی سکھر (ترمیمی) ایکٹ 2020 کے مسودے کے بل کی منظوری دی۔ منظور شدہ ترامیم کو اسمبلی کو ریفر کیا گیا۔ کابینہ نے عبد الرف چانڈیو کی بطور سندھ مضاربہ مینجمنٹ لمیٹڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسرکی تین سال کی مدت کیلئے تقرری کی منظوری دی۔