• news

سربراہ عراقی فضائیہ کا وفد کے ہمراہ ائیر ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد کا دورہ

اسلام آباد(سٹاف رپورٹر) سربراہ عراقی فضائیہ میجر جنرل (پائلٹ)شہاب جاہد علی شکرچی نے اپنے وفد کے ہمراہ گزشتہ روز ائیر ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد کا دورہ کیا۔ ان  کی آمد پر سربراہ پاک فضائیہ ائیر چیف مارشل مجاہد انور خان نے معزز مہمان کا استقبال کیا۔ پاک فضائیہ کے ایک چاق وچوبند دستے نے انہیں سلامی پیش کی۔کمانڈر عراقی ائیر فورس نے پاک فضائیہ کے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کیلئے یاد گارِ شہداء پر پھولوں کی چادر چڑھائی۔کمانڈر عراقی فضائیہ نے ائیر چیف مارشل مجاہد انور خان سے تفصیلی ملاقات کی۔ دونوں سربراہان نے علاقائی سلامتی اور باہمی تعاون کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ کمانڈرعراقی فضائیہ نے پاک فضائیہ کی پیشہ ورانہ مہارت کو سراہا اور پاک فضائیہ کی خود انحصاری کے میدان میں غیر معمولی ترقی کی تعریف کی۔پاک فضائیہ کے سربراہ نے پاکستان اورعراق کے درمیان برادرانہ تعلقات اور باہمی تعاون پر گفتگو کی۔ دونوں معزز شخصیات نے فضائی افواج کے درمیان بے مثال دوستانہ تعلقات کو نئی جہتوں سے روشناس کرانے کے عزم کا اعادہ کیا۔بعد ازاں کمانڈر عراقی فضائیہ نے جوائنٹ اسٹاف ہیڈ کوارٹرز راوالپنڈی کا دورہ کیا جہاں انہوں نے چئیرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی  جنرل ندیم رضا سے ملاقات کی۔ملاقات کے دوران پیشہ وارانہ امور اور د ونوں ممالک کے مابین علاقائی سلامتی اور عسکری تعاون کے مزید فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ای پیپر-دی نیشن