نئی تعمیرات پر بھارت کو وارننگ، امریکی انڈوپیسفک حکمت عملی ایشیا کیلئے بڑا خطرہ: چین
کوالالمپور‘ بیجنگ (نوائے وقت رپورٹ + شنہوا) چینی وزیر خارجہ وانگ یی نے ملائشیا میں تقریب سے خطاب میں کہا ہے کہ امریکہ کی انڈوپیسفک حکمت عملی خطے کیلئے بڑا سکیورٹی خطرہ ہے۔ امریکہ ایشیائی خطے کیلئے بڑا سیکورٹی خطرہ ہے۔ امریکہ سرد جنگ کے ذریعے خطے میں انڈو پیسفک نیٹو فورس بنانا چاہتا ہے اور مختلف گروپوں کے اختلافات بڑھا کر جغرافیائی مسابقت بڑھانا چاہتا ہے۔ امریکہ خطے میں اپنی برتری اور حکمرانی چاہتا ہے۔ ایشیائی ممالک کو چین کے ساتھ ملکر خطے میں بیرونی مداخلت کا راستہ روکنا چاہئے۔ کوالالمپور سے شِنہوا کے مطابق چین کے ریاستی کونسلر اور وزیر خارجہ وانگ یی نے کہا ہے کہ امریکہ کی تجویز کردہ نام نہاد ہند- بحر الکاہل حکمت عملی مشرقی ایشیا میں امن اور ترقی کے امکانات کو نقصان پہنچائے گی۔منگل کو ملائیشین وزیر خارجہ ہشام الدین حسین کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس میں مشرقی ایشیا تعاون پر امریکہ کی ہند بحر الکاہل حکمت عملی کے اثرات سے متعلق ایک سوال کے جواب میں وانگ نے کہا کہ بہت بڑے مواقع کے ساتھ معاشی ترقی کی صلاحیت کا حامل مشرقی ایشیا آج کی دنیا کا سب سے متحرک خطہ ہے۔وانگ نے کہا کہ گزشتہ سالوں میں حاصل کی گئی مشرقی ایشیا کی کامیابی کا راز یکجہتی اور ہم آہنگی کی ایشیائی اقدار سے مسلسل وابستہ رہنے،عالمگیریت کی جانب وقت کے رجحان کی پیروی کرنے،کثیرالجہتی اورآسیان کے ساتھ علاقائی تعاون کے فریم ورک پر عمل پیرا ہونے کی وجہ سے ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک صدی میں پہلی بار تبدیل شدہ معمولات اورکوویڈ-19 کی وبا کا سامنے کرتے ہوئے مشرقی ایشیا میں مشکلوں سے حاصل کردہ امن اوستحکام کو برقرار رکھنے کے ساتھ ساتھ مشرقی ایشیا میں مسلسل ترقی اور خوشحالی سے لطف اندوز ہونے کے لئے ممالک کو لازمی طور پر سالوں سے آزمودہ ان اقدار اورتعاون کی اشکال کے لئے پرعزم رہنا ہوگا۔مزید براں الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق چینی وزیر خارجہ وانگ یی نے ایشیا پیسیفک میں امریکا پر 'محاذ آرائی' کا الزام عائد کرتے ہوئیکہا کہ 'انڈو پیسیفک اتحاد' کی تشکیل کا منصوبہ خطے کے لیے 'سیکیورٹی رسک' ہے۔ خیال رہے کہ ملائیشیا کے ہم منصب ہشام الدین حسین سے ملاقات کے بعد وانگ پی نے بیان جاری کیا تھا۔ مذکورہ ملاقات میں انہوں نے کرونا وائرس سے لڑنے میں چین کی قیادت کی کوششوں سے متعلق آگاہ کیا اور جنوب مشرقی ایشیائی ممالک کی ایسوسی ایشن (آسیان) پر زور دیا کہ وہ 'بیرونی رکاوٹوں کو روکنے کے لئے مل کر کام کرے۔ چینی وزیر خارجہ کا دورہ کوالالمپور دراصل جنوب مشرقی ایشیا کے دورے کا حصہ ہے اور امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے ٹوکیو کا دورہ کیا اور جاپان، بھارت اور آسٹریلیا کے وزرائے خارجہ کے ساتھ چار طرفہ سربراہی اجلاس ہوا۔ وانگ یی نے امریکا کے زیر قیادت ابھرنے والے اتحاد کو یورپ میں نیٹو سے تشبیہ دیتے ہوئے کہا کہ امریکا جو کچھ کر رہا ہے وہ 'ایک خطرناک راستہ ہے۔ وانگ یی نے کہا کہ ہمارے خیال میں خطے کے مستقبل کا تعین خطے کے لوگوں کو کرنا چاہیے، ہمیں آزاد خارجہ پالیسی پر عمل پیرا ہونے کا بھی حق ہے۔