بلاول بڑے جلوس کی قیادت کرتے گوجرانوالہ پہنچیں گے: مصطفیٰ نواز کھوکھر
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی کے ترجمان مصطفی نواز کھوکھر نے کہا ہے کہ اپوزیشن کے گوجرانوالہ کے جلسے میں چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری ایک بڑے جلوسں کی قیادت کرتے ہوئے شریک ہوں گے۔ لانگ مارچ سے پہلے ہی حکومت کا بستر گول ہو جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ پیپلزپارٹی کے چیف میڈیا کوآرڈینیٹر نذیر ڈھوکی بھی ان کے ہمراہ تھے۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم کا جلسہ کامیاب ترین ہوگا۔ اس کے فوراً بعد کراچی میں 18 اکتوبر کو جلسہ ہوگا اور پھر کوئٹہ میں میدان سجے گا۔ مصطفی نواز کھوکھر نے کہا کہ پیپلز پارٹی استعفوں کے معاملے پر کلیئر ہے۔ حکومت کی ڈس انفارمیشن پر کان نہ دھریں، جب استعفوں کی باری آئی وہ بھی دینگے مگر حکومت استعفوں کی نوبت آنے سے پہلے ہی ختم ہو جائیگی۔