کاروباری برادری موثر فریٹ نظام کا مطالبہ کرتی ہے:لاہور چیمبر
لاہور(کامرس رپورٹر ) اندرون مْلک کے تاجروں کو سامان کی نقل و حمل اور اپنی کھیپ کو کلیئر کروانے کیلئے متعدد مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ فریٹ سسٹم بشمول، روڈ، ہوائی سفر، سمندر اور ریل مین بہت ساری تبدیلیوں اور بہتریوں کی ضرورت ہے اور اسے جدید بنیادوں پر استوار کیا جانا چاہئے۔ نیشنل لاجسٹک سیل پیشہ ورانہ بنیادوں پر خدمات فراہم کر رہا ہے۔ان خیالات کا اظہار لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر میاں طارق مصباح، سینئر نائب صدر ناصر حمید خان اور نائب صدر طاہر منظور چوہدری نے سی ای او نیشنل لاجسٹک سیل کرنل (ر) عبدالقیوم اور آفیسر کمانڈنگ ڈرائی پورٹ، این ایل سی، لاہور میجر (ر) محمد فیصل بٹ سے لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں ملاقات کے دوران کیا۔لاہور چیمبر کے عہدیداروں نے کہا کہ کاروباری برادری موثر فریٹ کے نظام کا مطالبہ کرتی ہے تاکہ سامان کی نقل و حمل کو گوداموں تک لے جانے کیلئے اضافی وقت نہ لگانا پڑے۔ پاکستان نے رواں سال ڈوئنگ بزنس کی درجہ بندی کو بہتر کرکے 108 واں مقام حاصل کیا ہے این ایل سی ڈیپارٹمنٹ کی کارکردگی بھی اسے مزید بہتر بنانے میں کلیدی کردار ادا کریگی۔انہوں نے این ایل سی انتظامیہ سے کہا کہ وہ مستقبل میں بھی وقت دے کر لاہور چیمبر کا دورہ کریں تاکہ ممبران اپنی مشکلات سے آگاہ کر سکیں۔