ناجائز مقدمات بنانے والے ایس ایچ اوز کو تھانوں میں بند کرینگے : وسیم احمد خان
لاہور(نامہ نگار)ریجنل پولیس آفیسر ملتان وسیم احمد خان نے کہا ہے کہ تھانوں میں غریب اور بے سہارا کی دادرسی کو یقینی بنایا جائے‘ لوگوں کیساتھ انصاف کریں ،میرٹ کو اپنائیں ہم اللہ تعالیٰ کو بھی جواب دہ ہیں‘ دنیاوی مفادات کیلئے آخرت کو برباد نہ کریں۔ یہ بات انہوں نے پولیس لائن وہاڑی میں امن وامان بارے جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوںنے مزید کہا کہ پولیس افسران سفارش اور دباؤ سے بالاتر ہو کر کام کریں۔ جرائم پیشہ عناصر کو نکیل ڈالیں۔ قانون سے کوئی بالاتر نہیں‘ قانون ہی طاقت ہے‘ تھانوں میں ٹاوٹوں کا داخلہ بند کریں‘ ناجائز مقدمات قائم کرنے سے باز رہیں‘ جو ایس ایچ او ناجائز مقدمات قائم کرنے میں ملوث پایا گیا اسے اسی مقدمہ میں اسی کے تھانہ میں بند کیا جائے گا۔ انہوں نے ایس ڈی پی اوز کو ہدایت کی کہ وہ تھانوں کو مؤثر انداز میں کنٹرول کریں۔ معمولی نوعیت کے مقدمات فوری نمٹائیں ۔قبل ازیں آر پی او کے وہاڑی پہنچنے پر ڈی پی او احسان اللہ چوہان نے استقبال کیا۔ پولیس کے چاک و چوبند دستے نے سلامی دی۔ آر پی او وسیم احمد خان نے یاد گار شہداء پر حاضری دی فاتحہ خوانی کی اور پھول چڑھائے۔ انہوںنے پریڈ گراؤنڈ کی تزئین وآرائش کے منصوبہ کا بھی افتتاح کیا اور پریڈ گراؤنڈ میں گراسی پلاٹ بنانے ،پھل دار اور سایہ دار درخت لگانے کی ہدایت کی۔ ڈی پی او آفس وہاڑی پولیس لائن کی مسجداور خدمت مرکز کی تزئین وآرائش منصوبہ کا افتتاح کیا جبکہ جدید الیکٹرانک انٹری گیٹ،سائلین کے بیٹھنے کی جگہ کا سنگ بنیاد رکھا ۔