• news

لاہور میں صفائی انتظامات بہتر بنانے کی ہدایت، شہر کو صاف دیکھنا چاہتا ہوں: عثمان بزدار

لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ عثمان بزدار سے لاہور سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے چیئرمین ملک امجد علی نون نے ملاقات کی جس میں ایل ڈبلیو ایم سی کے امور کارکردگی اور صفائی کے انتظامات  پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے لاہور میں صفائی کی صورتحال میں بہتری لانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ متوسط  اور پسماندہ آبادیوں میں صفائی ستھرائی پر خصوصی توجہ دی جائے۔ شہر کے تمام علاقوں کو صاف ستھرا دیکھنا چاہتا ہوں۔ صفائی کے انتظامات بہتر بنانے کیلئے حکومت آپ کو پورا سپورٹ کرے گی۔ جلد شہر کا دورہ کرکے صفائی  کی صورتحال کا جائزہ لوں گا۔ موثر مینجمنٹ  کے ذریعے صفائی کے انتظامات کو خوب سے خوب تر بنایا جائے۔ گندگی پر متعلقہ علاقے کے عملے کے خلاف کارروائی ہو گی۔ لاہور کو صفائی کے لحاظ سے مثالی اور بہترین شہر بنایا جائے گا۔ علاوہ ازیں پنجاب کے سرکاری افسروں اور ملازمین نے کرونا متاثرین کیلئے جذبہ ایثار کا مظاہرہ کرتے ہوئے 120 کروڑ روپے کے چیک کے بعد چیف منسٹر فنڈ برائے کرونا  کنٹرول میں مزید رقم کا چیک دیا ہے۔ مزید رقم کا چیک عثمان بزدار کو چیف سیکرٹری پنجاب جواد رفیق ملک نے وزیراعلیٰ آفس پیش کیا۔ عثمان بزدار نے کہا کہ  کرونا متاثرین کی مدد کیلئے پنجاب کے سرکاری ملازمین کا جذبہ قابل ستائش ہے اور سرکاری ملازمین نے متاثرین کی مدد کیلئے ایثار کی اعلیٰ مثال قائم کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اکتوبر کے پہلے دو ہفتوں میں کرونا مریضوں کی تعداد میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے عوام پرہجوم مقامات پر جانے سے گریز کریں۔ عوام احتیاطی تدابیر پر سختی سے عملدرآمد کریں۔ کرونا کا پھیلاؤ روکنے کیلئے شہریوں کا پہلے کی طرح بھرپور تعاون ضرورت ہے۔ دیہی خواتین کے حقوق کے تحفظ  کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ زرعی معیشت کو مضبوط بنانے میں دیہی خواتین کا کلیدی کردار ہے۔ زرعی پیداوار بڑھانے میں دیہی خواتین کے کردار کو سراہتے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن