واضح ثبوت مل گیا دنیا پاکستان کو انسانی حقوق کا محافظ سمجھتی ہے: شبلی
اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) فاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ پاکستان کا آئندہ تین سال کیلئے اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کا رکن منتخب ہونا باعث اعزاز اور بڑی سفارتی کامیابی ہے۔ اس اہم فورم کی رکنیت عالمی برادری کے پاکستان پر بڑھتے ہوئے اعتماد کا اظہار ہے۔ بدھ کو اپنے ٹویٹ میں سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ یہ واضح ثبوت ہے کہ دنیا پاکستان کو انسانی حقوق کا محافظ سمجھتی ہے۔ مزید برآں شبلی فراز نے کہا کہ عوام تک معیاری اور مصدقہ معلومات کی فراہمی بہت اہم ہے۔ وزارت اطلاعات اس سلسلے میں اپنی کوششیں جاری رکھے گی۔ پیمرا ہیڈکوارٹرز کے دورہ کے موقع پر میڈیا سے گفتگو میں شبلی فراز نے کہا کہ پیمرا نے مانیٹرنگ کا اعلی اور معیاری میکانزم قائم کیا ہے۔ متعلقہ وزارت ہونے کے باعث پیمرا کے ساتھ ہمارا رابطہ اور اشتراک بہت اہم ہے۔ یہ رابطہ ایک دوسرے کے تجربات سے استفادہ اور معلومات کے تبادلے کیلئے نہایت ضروری ہے۔ ایسے مواد کو سامنے لایا جائے جو ہماری ثقافتی اور مذہبی اقدار کے مطابق اور عوامی و ملکی مفاد میں ہو۔ دریں اثناء شبلی فراز کی کراچی پریس کلب کے حالیہ دورے کے دوران ضرورت مند شدید بیمار صحافیوں کے لیے مالی معاونت کی پیشکش کے بعد وفاقی وزارت اطلاعات و نشریات نے اس سلسلے میں ضرورتمند صحافیوں کی مالی امداد کے لیے ایس او پیز تیار کر لئے ہیں۔ نوٹیفکیشن کے مطابق ضرورتمند صحافی اپنی درخواست متعلقہ پریس کلبز کے ذریعہ پریس انفارمیشن ڈپارٹمنٹ میں جمع کراسکیں گے۔ پی آئی ڈی درخواست کی جانچ پڑتال کرے گا اور اپنی سفارشات کے ساتھ اسے وزارت اطلاعات کو ارسال کرے گا۔ کسی صحافی کے انتقال یا شدید بیماری کی صورت میں مالی امداد ان کے لواحقین کو فراہم کی جائے گی۔ مالی امداد کی درخواست کے ساتھ قومی شناختی کارڈ کی کاپی، بینک اکائونٹ نمبر، بیماری کی صورت میں ہسپتال کا میڈیکل سرٹیفکیٹ، موت کی صورت میں نادرا سے تصدیق شدہ ڈیتھ سرٹیفکیٹ اور فیملی رجسٹریشن سرٹیفکیٹ جمع کرانا ہوگا۔ ضرورتمند صحافیوں کی مالی امداد ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریشن کی رپورٹ سے مشروط ہوگی۔