مفادات کی سیاست نے کراچی کو تباہی کے دہانے پر لاکھڑا کیا :مقررین
لاہور( خصوصی نا مہ نگار) رہنما جماعت اسلامی کراچی و رکن سندھ اسمبلی سید عبدالرشید نے کہا ہے کہ مفادات کی سیاست نے شہر کراچی کو تباہی کے دہانے پر لاکھڑا کیا ہے۔تحریک انصاف کی حکومت کراچی سمیت پورے ملک میں عوام کے ساتھ سوتیلی ماں جیسا سلوک کررہی ہے۔شہر کراچی کے بڑے مسائل میں تعلیم، صحت، صاف پانی، سیوریج، سالڈ ویسٹ کا مربوط نظام، سٹریٹ کرائم، بے روزگاری، مہنگائی، کے الیکٹرک اور بااختیار شہری حکومت کا نہ ہونا ہے۔ سید عبدالرشید نے مزید کہا کہ اعلیٰ عدلیہ کا کے الیکٹرک کی کارکردگی پر برہمی کا اظہار کراچی کے شہریوں کی ترجمانی کرتا ہے۔ کراچی میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کے بعد اس کی قیمت میں اضافے نے رہی سہی کسر بھی نکال دی ہے۔انہوں نے کہا کہ اہلیان کراچی کی زندگی کمرتوڑ مہنگائی اور بیروزگاری کے ہاتھوں اجیرن بن چکی ہے۔ اس مو قع پر سید عبدالرشید نے کہا کہ کراچی کی عوام کے حقوق کے تحفظ کیلئے پورے ملک کی طرح اہلیان لاہور اور جماعت اسلامی کی قیادت کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ اس موقع پر امیر جماعت اسلامی لاہور میاں ذکر اللہ مجاہد نے کہا کہ ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھنے والے شہر کراچی کے مسائل کو نظر انداز کرنا ملکی معیشت کو تباہ کرنے کے مترادف ہے۔