کلرک ایسوسی ایشن، لیڈی ہیلتھ ورکرز کا دھرنا، عام آدمی کو مشکلات کا سامنا
اسلام آباد (محمدرضوان ملک) بدھ کو آل پاکستان کلرک ایسوسی ایشن اور لیڈی ہیلتھ اورکرز کے دھرنے سے جہاں عام آدمی کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ وہیں سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے وفاقی وزیر فواد چودھری کو بھی مسائل کا سامنا کرنا پڑا۔ ٹریفک جام اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے شہر کی مختلف شاہرائوں پر کنٹینر اور رکاوٹیں کھڑی کر کے مظاہرین کو روکنے کی کوشش کا نقصان جہاں عام آدمی کو ہوا وہیں حکومتی عہدیدار اور وزراء بھی اس سے نہ بچ سکے۔ فواد چودھری جنہوں نے ایز بائیک کے افتتاح کی تقریب میں شرکت کے لئے ایچ نائن آنا تھا لیکن وزیراعظم آفس سے نکل کر جب انہوں نے ایچ نائن کا رخ کیا تو ہر طرف ٹریفک جام تھی۔ انہوں نے این آئی سی بلڈنگ میں الیکٹرک موٹرسائیکل ایز بائیک کے افتتاح کی تقریب میں آنا تھا لیکن ایپکا مظاہرین کے احتجاج کی وجہ سے روڈز بند ہونے کے باعث وہ اس تقریب میں شریک نہ ہو سکے اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے وفاقی وزیر امین الحق نے اکیلے ہی ایز بائیک کا افتتاح کیا۔