لیگی قیادت کے گوجرانوالہ میں ڈیرے‘ بلاول کا گجرات‘ وزیر آباد میں ہی کرینگے: کائرہ
لاہور (این این آئی) پاکستان مسلم لیگ(ن) کے مرکزی رہنمائوں نے گوجرانوالہ جلسے کی تیاریوں کے سلسلہ میں گوجرانوالہ میں ڈیرے ڈال لئے۔ تفصیلات کے مطابق قیادت کی ہدایت پر مسلم لیگ (ن) کے سینئر نائب صدر وسابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی، مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صدر رانا ثناء اللہ اور مرکزی ترجمان مریم اورنگزیب گوجرانوالہ جلسے کے انعقاد تک وہیں موجود رہیں گے۔ پیپلزپارٹی وسطی پنجاب کے صدر قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری گوجرانوالہ جلسہ میں تاریخی خطاب کریں گے۔ بلاول بھٹو زرداری کا لالہ موسی، گجرات اور وزیر آباد میں تاریخی استقبال ہوگا۔ بلاول بھٹو زرداری بہت بڑے جلوس کے ساتھ گوجرانولہ جلسہ گاہ پہنچیں گے۔ گوجرانوالہ کے عوام حکمرانوں کو گھر بھیجنے کیلئے تیار ہیں۔ گوجرانوالہ کی انتظامیہ اور پولیس غیر قانونی احکامات ماننے سے انکار کر دے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کا غم و غصہ دیکھ کر وزیراعظم اور ان کے وزیروں، مشیروں کی تکلیف بڑھنے لگی ہے، پی ڈی ایم کی تحریک عوام سے اس حکومت کو چھٹکارا دلا کر ہی دم لے گی۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی مرکزی سیکرٹری اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ 16 اکتوبرکو ہر حال میں گوجرانوالہ جلسہ ہوگا اور ووٹ کو عزت دو تحریک کوکنٹینر نہیں روک سکتے۔ جتنا چاہیں پولیس گردی کریں16 اکتوبر کا جلسہ تو ہوگا۔ جتنا چاہیںکنٹینر گردی کریں جلسہ تو ہوگا۔ عمران صاحب گرفتارکریں، کنٹینرز کے پیچھے چھپیں، جلسہ تو ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ آٹا، چینی، گیس بجلی کے ستائے عوام کو کنٹینر نہیں روک سکتے۔ انشاء اللہ عوام آٹا چینی دوائی چوروں کا ہر کنٹینر عبور کرے گی۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ عمران خان نے انتقام کے علاوہ کوئی دوسرا کام نہیں کیا۔ گوجرانوالہ جلسے کے بینرز اتارنے اور پکڑ دھکڑ کرنے کا کوئی فائدہ نہیں کیونکہ حکومت مخالف جلسے اور قافلے اب نہیں رکیں گے۔ گوجرانوالہ جلسہ پی ڈی ایم کے رخ کا تعین کرے گا۔ ہم نے حکومت کو نہیں کہا کہ بغاوت کے مقدمے واپس لے۔