• news

قومی ٹی ٹونٹی ٹورنامنٹ : سندھ ٹیم ناردرن کو ہرا کر سیمی فائنل میں پہنچ گئی ‘سنٹرل پنجاب نے خیبر پی کے کو شکست دیدی

لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس) بائیسں سالہ مڈل آرڈر بیٹسمین اعظم خان نے پنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں چھکوں کی برسات کرکے سندھ کو نیشنل ٹی ٹونٹی کپ کے سیمی فائنل میں پہنچا دیا۔دوسرے میچ میںسنٹرل پنجاب نے خیبر پی کے کو 3رنز سے ہر ادیا۔ سندھ نے ناردرن کو25 رنزسے ہراکر ایونٹ میں مسلسل چوتھی کامیابی حاصل کی۔ 222 رنز کے تعاقب میں ناردرن کی ٹیم 6وکٹوں پر196 رنز ہی بناسکی۔ ذیشان ملک اور عمرامین بالترتیب 61 اور 51 رنز بناکر نمایاں رہے۔دونوں کھلاڑیوں نے ناردرن کو 116 رنز کا ابتدائی آغاز فراہم کیا تاہم ان کے آؤٹ ہوتے ہی ناردرن کی بیٹنگ لائن اپ لڑکھڑا گئی اوران کے بیٹسمین یکے بعد دیگرے آؤٹ ہوکرپویلین واپس لوٹتے رہے۔ سندھ کے محمد حسنین نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔ اس سے قبل عماد وسیم نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تو67 رنز پرسندھ کی ابتدائی 3 وکٹیں گرنے کے بعد مڈل آرڈر بیٹسمین اعظم خان نے  43گیندوں پر 8 چھکوں اور 5 چوکوں کی مدد سے88 رنز بناکرآؤٹ ہوئے۔ انہوں نے کپتان سرفراز احمد کے ہمراہ چوتھی وکٹ کیلئے 130 رنز جوڑ کر ٹیم کا سکور 200 کے پار لگانے میں مدد کی۔ سرفراز احمدنے 28 گیندوں پر 3 چھکوں اور 3 چوکوں کی مدد سے 52رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ دانش عزیز کے ناٹ آؤٹ دس رنز کی بدولت سندھ نے 4 وکٹوں پر 221 رنز بنائے۔ناردرن کے محمد عامر نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔اعظم خان کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا ۔ سنٹرل پنجاب نے 4وکٹوں پر 174رنز بنائے ۔ کپتان بابر اعظم 39‘عبداللہ شفیق 63اور محمد اخلاق 50رنز بناکر نمایاں رہے ۔ عمران خان اور عثمان شنواری نے دو دو کھلاڑیوںکو آئوٹ کیا ۔ جواب میں خیبر پی کے ٹیم 6وکٹوں پر 171رنز بناسکی ۔ کپتان محمد رضوان نے 99ناٹ آئوٹ رنز بنائے ۔ وقاص محمود نے تین جبکہ احسان عادل نے دو کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا ۔ محمد اخلاق کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا ۔ 

ای پیپر-دی نیشن