عدالت کی لاپتہ عمر عبداللہ کی بازیابی کیلئے حکومت کو10 نومبر تک مہلت
اسلام آباد (وقائع نگار) اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس محسن اخترکیانی کی عدالت نے لاپتہ افراد کیس میں سرکاری افسران اور تحقیقاتی ٹیم پر 20 لاکھ روپے جرمانے سے متعلق کیس میں عدالتی فیصلے پر عمل درآمد نہ کرنے کے خلاف درخواست پر لاپتہ عمر عبداللہ کی بازیاب کرانے کے لیے حکومت جو دس نومبر تک مہلت دے دی۔ گذشتہ روز سماعت کے دوران ڈی ایس پی لیگل کے ہمراہ اسٹیٹ کونسل حسنین حیدر تھہیم عدالت کے سامنے پیش ہوئے، عدالت نے کہاکہ جبری گمشدگیوں کے واقعات سے پاکستان کی ساکھ متاثر ہوتی ہے۔ وفاقی کابینہ کو بتا دیں کہ عدالت کا یہ موقف ہے اسلام آباد سے سب سے زیادہ لاپتہ افراد ہیں۔ یہ ریاست کی ناکامی ہے۔ ایسا تاثر مل رہا ہے کہ جیسے اسلام آباد میں دہشتگرد زیادہ ہوگئے ہیں۔ عدالت اپنے حکم پر عمل درآمد کرانے لیے کسی بھی حد تک جانے کو تیار ہے۔ کیس کی مزید سماعت 10 نومبر تک ملتوی کر دی گئی۔